گیان واپی مسجد کے سروے کیلئے مزید مہلت کی مخالفت
مسلم فریق کے مطالبہ پر ڈسٹرکٹ جج کی عدالت نے مقدمہ میں آئندہ سماعت 8 /ستمبر کو مقرر کی اور اسی دن گیان واپی شرنگار گوری مول کیس میں زیر تصفیہ دیگر درخواستوں کی بھی سماعت کی جائے گی۔
حیدرآباد: گیان واپی مسجد کیمپس کے سروے کی تکمیل اور رپورٹ کے ادخال کے لئے مزید 8 ہفتوں کی مہلت طلب کرتے ہوئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کی درخواست کی انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کی نمائندگی کرنے والے مسلم فریق نے مخالفت کی۔
مسجد کمیٹی نے پیر کو ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں درخواست اعتراض داخل کی اور کہا کہ عدالت کو دئیے گئے حلف نامہ کے برخلاف سروے کیا جارہا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے جی پی آر ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے سروے کرنے کی اجازت طلب کی تھی لیکن گیان واپی کامپلیکس میں کئی جگہوں پر کھدوائی کی جارہی ہے۔
ٹرک کے ذریعہ ملبہ منتقل کیا جارہا ہے۔مسلم فریق نے کہا کہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے احکام کی اے ایس آئی ٹیم کی جانب سے خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ایسی صوت میں سروے کے لئے مزید مہلت نہ دیتے ہوئے انصاف کیا جانا چاہئے۔
مسلم فریق کے مطالبہ پر ڈسٹرکٹ جج کی عدالت نے مقدمہ میں آئندہ سماعت 8 /ستمبر کو مقرر کی اور اسی دن گیان واپی شرنگار گوری مول کیس میں زیر تصفیہ دیگر درخواستوں کی بھی سماعت کی جائے گی۔
فی الوقت اے ایس آئی کا سروے جاری ہے اور گزشتہ جمعہ کو اے ایس آئی نے گیان واپی سروے مکمل کرنے اور اپنی رپورٹ داخل کرنے کے لئے 8 ہفتوں کی مہلت طلب کی تھی۔
اے ایس آئی کی طرف سے اسٹانڈنگ کونسل امیت سری واستوا نے کہا کہ اے ایس آئی گیان واپی کیمپس کا سائنسی تحقیقی۔سروے کررہا ہے۔ آرکیالوجسٹس‘ ایپی گرافسٹس‘ سرویئرس‘ فوٹو گرافرس‘ ویڈیو گرافرس اور دیگر تکنیکی افراد کی ایک ٹیم اس سروے میں مشغول ہے۔
نیشنل جیو فزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (این جی آر آئی) حیدرآباد کے ماہرین کی ایک ٹیم جی پی آر سروے کررہی ہے اور موصولہ ڈاٹا کا تجزیہ و مطالعہ کیا جارہا ہے۔