مشرق وسطیٰ

لبنان اور شام میں پھٹنے والے پیجرس، ہنگری میں بنے تھے: تائیوانی کمپنی کی وضاحت

تائیوانی کمپنی گولڈ اپولونے چہارشنبہ کے دن کہا کہ لبنان اور شام میں حزب اللہ کے کمیونیکیشن نیٹ ورک کو نشانہ بنانے بظاہر اسرائیلی آپریشن میں جو پیجرس پھٹے وہ اسی کی برانڈ کے ہیں لیکن بڈاپسٹ (ہنگری) کی دوسری کمپنی اسے تیار کرتی ہے۔

تائیپی(تائیوان): تائیوانی کمپنی گولڈ اپولونے چہارشنبہ کے دن کہا کہ لبنان اور شام میں حزب اللہ کے کمیونیکیشن نیٹ ورک کو نشانہ بنانے بظاہر اسرائیلی آپریشن میں جو پیجرس پھٹے وہ اسی کی برانڈ کے ہیں لیکن بڈاپسٹ (ہنگری) کی دوسری کمپنی اسے تیار کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں
اردن میں ایک میزائل گرا
اسرائیلی وزیر دفاع کا لبنان میں بھی محاذ جنگ کھولنے کا اشارہ
امریکہ نے تمام جہازوں کی آمدورفت خطرہ میں ڈال دی:نصراللہ
حزب اللہ کا اسرائیل پر بھرپور طاقت کیساتھ حملہ

منگل کے دن شام اور لبنان میں حزب اللہ کے لڑاکوں کے زیراستعمال پیجرس پھٹ پڑے تھے۔ کم ازکم 9 افراد بشمول ایک 8 سالہ بچی کی جان گئی تھی اور تقریباً 3 ہزار افراد زخمی ہوئے تھے۔ حزب اللہ اور حکومت ِ لبنان نے اسرائیل کو اس حملہ کے لئے جو عصری ریموٹ کنٹرول حملہ دکھائی دیتا ہے‘ موردِالزام ٹھہرایا۔ ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل نے منگل کے دن آپریشن مکمل ہونے کے بعد امریکہ کو جانکاری دی۔

اس عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات بتائی۔ گولڈ اپولو کی طرف سے چہارشنبہ کے دن جاری بیان کے بموجب AR-924 پیجرس ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ کی بی اے سی کنسلٹنگ کے ایف ٹی تیار کرتی ہے۔ باہمی تعاون کے معاہدہ کے تحت گولڈ اپولو نے بی اے سی کو اپنا برانڈ ٹریڈ مارک استعمال کرنے کی اجازت دی لیکن ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ کے لئے بی اے سی پوری طرح ذمہ دار ہے۔

گولڈ اپولو کے سربراہ نے چہارشنبہ کے دن میڈیا کو بتایا کہ ان کی کمپنی کا گزشتہ 3 سال سے بی اے سی کے ساتھ لائسنسنگ اگریمنٹ ہے لیکن اس نے کنٹراکٹ کا کوئی ثبوت نہیں دیا۔ منگل کے دن سہ پہر 3:30 بجے لوگ سوپر مارکٹس میں خریداری کررہے تھے‘ کیفے میں بیٹھے ہوئے تھے یا کاریں اور موٹرسیکلیں چلارہے تھے کہ ان کے ہاتھوں میں یا جیبوں میں موجود پیجرس گرم ہوکر پھٹنے لگے۔

جابجا خون پڑا تھا اور افراتفری مچ گئی تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ نشانہ بننے والے کئی افراد حزب اللہ کے ارکان تھے۔ دھماکے زیادہ تر ان علاقوں میں ہوئے جہاں حزب اللہ کی چھاپ ہے۔ جنوبی بیروت کے مضافات اور مشرقی لبنان کے علاوہ دمشق میں دھماکے ہوئے۔ حزب اللہ نے چہارشنبہ کی صبح کہا کہ وہ اسرائیل کے خلاف اپنے حملے جاری رکھے گی۔ چہارشنبہ کے دن بیروت کے دواخانوں میں کل رات مچی افراتفری بڑی حد تک گھٹ گئی۔

صحافیوں کو دواخانہ کے کمروں میں جانے یا مریضوں کی تصویرکشی کی اجازت نہیں دی گئی۔ ترکی‘ عراق‘ ایران‘ شام اور مصر نے زخمیوں کے علاج معالجہ میں مدد کی پیشکش کی۔ چہارشنبہ کی صبح ایک عراقی فوجی طیارہ طبی آلات بیروت لے آیا۔ طیارہ میں 15 ٹن دوائیں بھی لائی گئیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ پیجرس میں پہلے ہی دھماکو مادہ رکھ دیا گیا تھا۔ AR-924 پیجر میں ری چارج والی لیتھیم بیاٹری لگی ہوتی ہے۔

کمپنی 85 دنوں کی بیاٹری لائف کا دعویٰ کرتی ہے۔ لبنان میں اس کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ وہاں برقی جاتی رہتی ہے۔ پیجرس‘ موبائل فونس سے مختلف وائرلیس نیٹ ورکس پر چلتے ہیں۔ ایمرجنسی میں یہ بڑے کام کی چیز ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں کئی دواخانے آج بھی ان پر انحصار کرتے ہیں۔ تائیوان کی وزارت ِ معاشی امور کا کہنا ہے کہ 2022 تا اگست 2024 گولڈ اپولو نے 2لاکھ 60 ہزار پیجرس برآمد کئے۔

پیجرس زیادہ تر یوروپین اور امریکی ممالک کو بھیجے جاتے ہیں۔ اس نے کہا کہ اس کے پاس لبنان کو گولڈ اپولو کی راست برآمدات کا ریکارڈ نہیں ہے۔ حزب اللہ کے لڑاکے اسرائیل کی الکٹرانک نگرانی سے بچنے موبائل کے بجائے پیجر استعمال کرتے ہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے فروری میں ایک تقریر میں خبردار کیا تھا کہ موبائل فون سے فون استعمال کرنے والے کی جاسوسی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اسے خطرناک ایجنٹ قراردیا تھا۔