بین الاقوامی

سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد پوسٹ کرنے کے معاملہ میں عدالت کا سخت فیصلہ

پاکستان کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے ایک شخص کو سوشل میڈیا پر اسلام کے خلاف مواد پوسٹ کرنے پر سزائے موت سنائی۔ عدالت کے ایک عہدیدار نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

لاہور (پی ٹی آئی) پاکستان کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے ایک شخص کو سوشل میڈیا پر اسلام کے خلاف مواد پوسٹ کرنے پر سزائے موت سنائی۔ عدالت کے ایک عہدیدار نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

راولپنڈی کی اے ٹی سی عدالت نے جمعہ کے دن محمد ابتسام مصطفی کو سزائے موت سنائی۔ استغاثہ نے اس کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے لئے ثبوت اور گواہ پیش کئے تھے۔

فیس بک پر پیغمبر اسلامؐ کے خلاف مواد پوسٹ کرنے پر اسے سزائے موت سنائی گئی۔ اللہ کے خلاف مواد پوسٹ کرنے پر عمر قید اور قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے پر 25 سال جیل کی سزا سنائی گئی۔ اس پر 1.2 ملین (12 لاکھ) پاکستانی روپے (4300 امریکی ڈالر) کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

اے ٹی سی کورٹ کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ابتسام کسی بھی نرمی یا رعایت کا مستحق نہیں کیونکہ اس کے خلاف ثبوت پختہ ہے۔ فیصلہ لاہور سے 300 کیلو میٹر دور ضلع چکوال کے ایک شہری کی جانب سے کیس درج کرانے کے 8 سال بعد سنایا گیا۔