بین الاقوامی

مسلمانوں کے ووٹ پر سوال، اب شہریت بھی خطرے میں؟

امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے ہندوستان میں انتخابی فہرستوں سے کروڑوں ناموں کے اخراج اور مسلمانوں پر اس کے مبینہ غیر متناسب اثرات پر تشویش ظاہر کی۔ کمیشن نے امریکی حکومت سے بھارت کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کے پیش نظر ’خصوصی تشویش کا ملک‘ قرار دینے کی سفارش کی ہے۔

واشنگٹن/نئی دہلی: ہندوستان میں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے دوران مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں شدت آگئی ہے۔ ملک گیر سطح پر کروڑوں ناموں کے اخراج کے اس عمل پر امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کو بالخصوص انتخابی فہرستوں سے خارج کیا جا رہا ہے، انہیں ’غیر ملکی‘ قرار دیا جا رہا ہے اور اب غیر قانونی طور پر ملک بدر بھی کیا جا رہا ہے۔

کلارین انڈیا ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) کے چیئرمین آصف محمود نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت مسلمانوں کو انتخابی فہرستوں سے ان کے نام خارج کرکے، انہیں غیر ملکی قرار دے کر اور اب غیر قانونی طور پر ملک بدر کرکے نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے اس صورت حال کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ان بیانات سے بھی جوڑا جن میں مسلمانوں کو ’درانداز‘ قرار دے کر ملک سے نکالنے کی بات کہی گئی ہے۔واضح رہے کہ امیت شاہ نے 2 نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے دوران انتخابی فہرستوں سے خارج کیے گئے تین کروڑ افراد بنگلہ دیشی درانداز تھے۔ 5 نومبر کو ہریانہ کے ایک جلسے میں انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی دراندازوں کی شناخت کرے گی، انہیں انتخابی فہرستوں سے خارج کرے گی اور پھر ایک ایک کرکے ملک سے باہر نکالے گی۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق، خصوصی جامع نظرثانی کے پہلے دو مراحل میں 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی مسودہ انتخابی فہرستوں سے تقریباً 7.2 کروڑ نام حذف کیے گئے، جب کہ تیسرے مرحلے میں اب تک 6.16 کروڑ نام خارج ہوچکے ہیں۔ اس طرح مجموعی تعداد تقریباً 13 کروڑ تک پہنچ گئی ہے، جو بھارتی انتخابی تاریخ میں رائے دہندگان کے ناموں کی سب سے بڑی حذف کاری ہے۔

اس کارروائی کا آغاز 2025 میں بہار سے ہوا تھا، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں اسے مزید 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک وسعت دی گئی۔ اب تیسرے مرحلے میں بھی یہ عمل جاری ہے۔اعداد و شمار کے مطابق، اس حذف کاری کا غیر متناسب اثر مسلمانوں پر پڑا ہے، جو بھارت کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت ہیں۔ مغربی بنگال میں، جہاں نظرثانی کا عمل سب سے زیادہ آگے بڑھا، تقریباً 90 لاکھ نام حذف کیے گئے۔

کولکاتا کے سبیر انسٹی ٹیوٹ کے مطابق، مزید جانچ کے بعد خارج کیے گئے 27 لاکھ ناموں میں تقریباً 70 فیصد مسلمانوں کے تھے، حالاں کہ ریاست کی آبادی میں ان کا تناسب 27 فیصد ہے۔انسٹی ٹیوٹ کے بانی سبیر احمد نے کہا کہ حکومت مخالف رجحان کے علاوہ انتخابی فہرستوں سے ناموں کی حذف کاری نے بھی مغربی بنگال کے انتخابی نتائج کے تعین میں اہم کردار ادا کیا۔ ان انتخابات میں بی جے پی نے کامیابی حاصل کرکے پہلی مرتبہ ریاست میں اقتدار سنبھالا۔

امریکی کمیشن کی تشویش کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ انتخابی فہرستوں سے نام خارج کرنے کا عمل غیر قانونی تارکین وطن کی شناخت اور ملک بدری کی ایک الگ مہم سے جڑتا جا رہا ہے، حالاں کہ کسی شخص کا نام ووٹر لسٹ سے حذف ہوجانا اس کے غیر ملکی ہونے کا ثبوت نہیں ہے۔امریکی کمیشن کے رکن جین ملز نے کہا کہ محض مسلمان ہونے کی بنیاد پر بھارتی شہریوں کو ملک بدر کرنا مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی میں ایک تشویش ناک شدت کا مظہر ہے۔

انہوں نے امریکی محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا کہ مذہبی آزادی کی منظم اور سنگین خلاف ورزیوں کے پیش نظر بھارت کو ’خصوصی تشویش کا ملک‘ (Country of Particular Concern) قرار دیا جائے۔کمیشن نے اپنی 2026 کی سالانہ رپورٹ میں بھی بھارت کو اس زمرے میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم امریکی حکومت نے اس پر کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔

اس معاملے پر امریکی کانگریس کی رکن پرمیلا جے پال نے بھی انتخابی فہرستوں سے تقریباً 13 کروڑ ناموں کے اخراج کی اطلاعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ کیا اور پُرامن احتجاج کی حمایت کی۔