تعلیم و روزگار

محکمہ آیوش میں 70جائیدادوں پر تقررات، اعلامیہ جاری

تلنگانہ کے آیوش محکمہ میں آیوروید، یونانی اور ہومیوپیتھی کی مختلف اسپیشلٹیز میں لکچررس اور ٹیکنیکل اسسٹنٹس کی بھرتی ہوگی۔ آن لائن درخواستوں کا آغاز 26 نومبر سے ہوگا، 2 دسمبر آخری تاریخ مقرر۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے سرکاری طبی خدمات کو مزید مستحکم بنانے اور طبی تعلیمی اداروں میں تدریسی عملے کی کمی کو دور کرنے کے لیے آیوش محکمہ میں 70 جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ م

یڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسیز ریکروٹمنٹ بورڈ (MHSRB) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آیوروید، ہومیوپیتھی اور یونانی شعبوں کی 45 مختلف اسپیشلٹیز میں لکچررس اور ٹیکنیکل اسسٹنٹس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔

ان میں ہومیوپیتھی کی 11 اسپیشلٹیز، یونانی شعبہ میں لکچررس اور ٹیکنیکل اسسٹنٹس، جبکہ آیوروید کی 14 لکچرر اسپیشلٹیز کے علاوہ ٹیکنیکل اسسٹنٹس کی جائیدادیں شامل ہیں۔ اہل امیدوار 26 نومبر 2026 سے ایم ایچ ایس آر بی کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کر سکتے ہیں۔

درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 2 دسمبر 2026 شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے، جبکہ امیدواروں کو اپنی درخواستوں میں 3 دسمبر صبح 10:30 بجے سے 4 دسمبر شام 5 بجے تک ترمیم کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ تقررات کا عمل جملہ 100 نشانات کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا، جس میں متعلقہ پوسٹ گریجویٹ ڈگری میں حاصل کردہ نشانات کے لیے زیادہ سے زیادہ 80 نشانات مختص کیے گئے ہیں، جبکہ تلنگانہ کے سرکاری اسپتالوں اور طبی اداروں میں متعلقہ اسپیشلٹی کے تحت کنٹریکٹ یا آؤٹ سورسنگ بنیادوں پر خدمات انجام دینے والے امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ 20 نشانات کا سروس ویٹیج دیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق کانگریس حکومت کے گزشتہ تین برسوں کے دوران محکمہ صحت کے تحت تقریباً 15 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ہیں اور سرکاری اسپتالوں و میڈیکل کالجوں میں ڈاکٹرس، نرسنگ عملے، تدریسی عملے اور دیگر طبی ملازمین کی بھرتی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ آیوش شعبہ میں اس سے قبل 137 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کیے جا چکے ہیں، جبکہ اب مزید 70 جائیدادوں پر تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔