Uncategorized

رائے پور۔ممبئی پرواز میں سونو نگم نے سوپرہٹ گیت گائے (ویڈیو)

رائے پور سے ممبئی جانے والی انڈیگو پرواز میں سونو نگم نے مسافروں کی فرمائش پر اپنے مقبول گیت سنائے، طیارے میں موسیقی کی محفل سج گئی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

رائے پور (یو این آئی) چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور سے ممبئی جانے والی انڈیگو کی پرواز میں اس وقت موسیقی کا سماں بندھ گیا، جب مشہور پلے بیک گلوکار سونو نگم نے مسافروں کی فرمائش پر اپنے مقبول گیت سنائے۔

طیارے میں موجود مسافروں کے لیے یہ سفر ایک یادگار تجربہ بن گیا۔ اس دوران مسافروں کے ساتھ طیارے کے عملے کے ارکان نے بھی ان کے گیتوں سے لطف اٹھایا۔ہفتہ کو موصولہ اطلاع کے مطابق سونو نگم رائے پور کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں منعقدہ اوریانا فیسٹ میں اپنی پرفارمنس دینے کے بعد ممبئی واپس لوٹ رہے تھے۔

اسی دوران طیارے میں انہیں دیکھ کر مسافروں میں جوش و خروش بڑھ گیا۔ کئی مسافروں نے اپنے موبائل فون سے ان کی ویڈیوز بنائیں اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔مسافروں کی فرمائش پر سونو نگم نے فلم ‘کل ہو نہ ہو’ کا مقبول گیت ‘ہر گھڑی بدل رہی ہے زندگی’ سمیت ‘بجوریا’ اور دیگر معروف گیت پیش کیے۔

ان کی سریلی آواز سے طیارے کا ماحول کسی موسیقی کی محفل جیسا ہو گیا۔ مسافروں نے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس دوران سونو نگم نے اپنے مداحوں اور طیارے کی ایئر ہوسٹس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ طیارے میں موجود مسافروں نے اس منفرد تجربے کو اپنے موبائل فون میں محفوظ کر لیا۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کے ردعمل بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ کئی لوگوں نے طیارے میں موجود مسافروں کو خوش قسمت قرار دیا، جبکہ بعض نے تبصرہ کیا کہ مسافروں کو فضائی سفر کے دوران ہی لائیو کنسرٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل گیا۔