پانڈیا‘ بن اسٹوکس کی برابری نہیں کرسکتے:کلوزنر
لیجنڈ لیگ کرکٹ سے وابستہ کلوزنر نے ہندوستانی ٹیم میں اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے کردار پر تفصیل سے بات کی اور بتایاکہ پانڈیا بین اسٹوکس سے مختلف کیوں ہیں اور ان کے درمیان موازنہ کیوں نہیں ہوسکتا۔
نئی دہلی: جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر لانس کلوزنر لیجنڈز لیگ کرکٹ میں حصہ لینے کیلئے ان دنوں ہندوستان میں ہیں۔ کلوزنر زمبابوے کے بیٹنگ کوچ بھی ہیں۔ لیجنڈ لیگ کرکٹ سے وابستہ کلوزنر نے ہندوستانی ٹیم میں اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے کردار پر تفصیل سے بات کی اور بتایاکہ پانڈیا بین اسٹوکس سے مختلف کیوں ہیں اور ان کے درمیان موازنہ کیوں نہیں ہوسکتا۔
لانس کلوزنر کا ماننا ہے کہ ہاردک پانڈیا نے پچھلے دو تین برسوں میں اپنے کھیل میں کافی بہتری لائی ہے لیکن یہاں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہر کوئی ان کی گیند بازی کے بارے میں بات کر رہا ہے کہ آیا وہ میچ میں اپنے کوٹے کے تمام اوورز کروانے کے قابل ہیں یا نہیں۔
پانڈیا کے بارے میں کلوزنر نے کہاکہ جیسے ہی وہ کھیل کے تینوں فارمیٹس میں اپنے تمام اوور پھینکنے میں کامیاب ہو جائیں گے ہم یقینی طورپر انہیں آل راؤنڈرز کے زمرہ میں جگہ دے سکتے ہیں۔ وہ دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں جگہ بنانے کی راہ پر گامزن ہیں لیکن ان کے پاس وہاں پہنچنے میں تھوڑا وقت ہے۔
اس لیے میں اس وقت پانڈیا کا بین اسٹوکس سے مقابلہ نہیں کرسکتا۔ اس کے علاوہ کلوزنر نے اس سال منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کو اپنی پسندیدہ ٹیم قرار دیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے جنوبی افریقہ، ہندوستان، پاکستان، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے تعلق سے کہاکہ اگر یہ ٹیمیں مسلسل اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں تو وہ ٹائٹل جیتنے کی دوڑ میں شامل ہو جائیں گی لیکن یہ کسی کیلئے آسان نہیں ہوگا۔