گھبراہٹ میں خریداری، تلنگانہ میں ایل پی جی بکنگ سسٹم مفلوج
تلنگانہ میں مختلف ڈسٹربیوشن پوائنٹس پر گھبراہٹ میں پکوان گیس کی خریداری میں بھاری اضافہ ہواہے جس کے نتیجہ میں بکنگ سسٹم نے کام کرنا بند کردیا ہے۔
حیدرآباد (پی ٹی آئی)تلنگانہ میں مختلف ڈسٹربیوشن پوائنٹس پر گھبراہٹ میں پکوان گیس کی خریداری میں بھاری اضافہ ہواہے جس کے نتیجہ میں بکنگ سسٹم نے کام کرنا بند کردیا ہے۔
تلنگانہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرس اسوسی ایشن کے صدر کے جگن موہن ریڈی کے مطابق آرڈرس میں اچانک اضافہ کی وجہ سے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک مفلوج ہوچکا ہے اور ریاست میں کئی ایل پی جی ڈسٹری بیوشن سنٹرس پر سرگرمیاں درہم برہم ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلنڈر کی بکنگ کیلئے صارفین کے اچانک امڈپڑنے سے سسٹم پر بوجھ پڑ گیا ہے اور مختلف مقامات پر تکنیکی و آپریشنل دشواریاں پیدا ہوگئی ہیں۔ ریڈی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ گھریلو سلنڈرس کے معاملہ میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ باقاعدہ سپلائی ہورہی ہے۔
لیکن صارفین گھبراہٹ میں بکنگ کررہے ہیں لہٰذا التواء میں اضافہ ہورہا ہے۔کاروبار میں اچانک 50فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اسی لئے سربراہی میں تاخیر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈر کی ڈیلیوری او ٹی پی سسٹم پر مبنی ہے جو ملک بھر میں توثیق کیلئے نیٹ ورک پر مبنی ہے اسی لئے ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر زبردست دباؤ ہے۔
تلنگانہ میں 810 ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرس ہیں اور 1.30کروڑ صارفین ہیں۔ ہرماہ تقریباً60لاکھ گھریلو سلنڈر سربراہ کئے جاتے ہیں۔ریڈی نے بتایا کہ 82فیصد گھریلو صارفین ہیں جبکہ باقی 18 فیصد کمرشیل زمرے سے تعلق رکھتے ہیں۔
ایل پی جی سلنڈرس کی بلیک مارکیٹنگ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3تا4دن سے کمرشیل سلنڈر کی سربراہی نہ کے برابر ہے۔بعض افراد کے پاس پرانا اسٹاک رہا ہوگا اور وہ اسے پریمیم قیمت پر فروخت کررہے ہیں۔