حیدرآباد

ڈی اے وی اسکول کی مسلمہ حیثیت منسوخ: سبیتا اندرا ریڈی

پولیس نے تساہل برتنے کے الزام میں اسکول کے پرنسپل کو بھی گرفتار کرلیا۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے جنسی زیادتی کے اس واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر تعلیمات پی سبیتا اندرا ریڈی نے آج ڈی اے وی پبلک اسکول واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیمات کے متعلقہ عہدیداروں کو فوری اثر کے ساتھ ڈی اے وی اسکول بنجارہ ہلز کی مسلمہ حیثیت منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔

 اس اسکول میں ایک کمسن طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ڈی اے وی اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کو قریبی اسکولوں میں ایڈجسٹ کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان طلبہ کا تعلیمی سال متاثر نہ ہونے پائے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ طلبہ کے والدین میں موجود شکوک وشبہات کا ازالہ کرنا نہایت ضروری ہے۔

 محکمہ تعلیمات کے ضلعی عہدیدار، یہ کام انجام دیں گے۔ وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیمات کے سکریٹری کی زیر قیادت ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے تاکہ مستقبل میں اسی طرح کے گھناونے واقعات کی روک تھام کے اقدامات، سیکوریٹی انتظامات اور دیگر امور کا جائزہ لے گی اور حکومت کو اس سلسلہ میں ایک مبسوط رپورٹ پیش کرے گی۔

 ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن، سکریٹری محکمہ بہبوو خواتین واطفال اور محکمہ پولیس میں خواتین سیفٹی اقدامات کی نگرانی کرنے والے ڈی آئی جی سطح کے عہدیدار، اس کمیٹی کے ارکان رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی، اندرون ہفتہ، اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

 اس رپورٹ کی سفارشات کی اساس پر اسکولوں، میں بچوں کی سیفٹی وسیکوریٹی سے متعلق خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ پی سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ مستقبل میں جنسی زیادتوں کے واقعات کے اعادہ کو روکنے کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنا ضروری ہے۔

آئی اے این ایس کے مطابق بنجارہ ہلز پولیس نے منگل کے روز ایک کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کے الزام میں ڈی وی پی اسکول کے پرنسپل کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ ملز م کی گرفتاری کے تین دنوں کے بعد وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے اسکول کی مسلمہ حیثیت منسوخ کرنے کا حکم سامنے آیا ہے۔

پولیس نے تساہل برتنے کے الزام میں اسکول کے پرنسپل کو بھی گرفتار کرلیا۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے جنسی زیادتی کے اس واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔