حج کمیٹی میں درخواستیں جمع کرکے عازمین اپنے پیسہ کی بچت کریں خانگی سفر حج میں دوگنا خرچہ ہوتا ہے
حج کمیٹی کی جانب سے حج 2024 کے لئے درخواستیں جمع کروانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور آخری تاریخ 20 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔

حیدرآباد: حج کمیٹی کی جانب سے حج 2024 کے لئے درخواستیں جمع کروانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور آخری تاریخ 20 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
حیدرآباد کے قدیم خادم الحجاج جناب حبیب عبدالقادر نے حج پر جانے کے خواہشمند تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی درخواست داخل کردیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج کمیٹی سے صرف 3 لاکھ 5 ہزار روپے میں سفر حج ہوا تھا۔ اس طرح خانگی سفر حج میں دوگنا خرچہ ہوتاہے۔
انہوں نے عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ پہلے حج کمیٹی میں درخواست داخل کردیں۔ قرعہ اندازی میں اگر ان کا نام آجاتا ہے تو ان کی بھاری بچت ہوگی۔ اس کے علاوہ جو لوگ مختصر مدت کا سفر حج کرنا چاہتے ہیں‘ ان سے پرائیویٹ آپریٹرز نے لگ بھگ 15 لاکھ روپے وصول کئے تھے۔
شارٹ مدت کے عازمین بھی حج کمیٹی میں درخواست داخل کردیں۔ انتخاب ہونے کی صورت میں وہ مناسک حج اور زیارت مسجد نبوی مدینہ منورہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد واپسی کا ٹکٹ خریدکر وطن واپس ہوجائیں۔ اس کے لئے ان کو واپسی کے کرایہ کے صرف 20 ہزار روپے تک کی رقم زیادہ ادا کرنی ہوگی لیکن ان کو 15 لاکھ روپے تو ادا کرنا نہیں پریں گے۔
ایسے عازمین کو بھی لگ بھگ 12 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔ وہ یہ رقم خیر کے کسی اور کام میں خرچ کرکے اللہ کی رضا حاصل کرسکتے ہیں۔ جناب حبیب عبدالقادر نے کہا کہ عازمین حج ان کی تجویز پر غور کریں اور خانگی آپریٹرز کو زیادہ رقومات ادا کرنے سے بچتے ہوئے حج کمیٹی کے ذریعہ فریضہ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کرلیں۔