مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع میں طیارہ گر کر تباہ
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا اور اس میں دو افراد سوار تھے۔ خبر ہے کہ طیارے نے مہاراشٹر کے گونڈیا ضلع میں واقع تربیتی سنٹر سے پرواز بھری تھی۔
بالاگھاٹ: مہاراشٹر کی سرحد سے متصل مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع میں آج ایک چھوٹا طیارہ تباہ ہوکر جنگل میں گر گیا جس کی وجہ سے پائلٹ اور اس میں سوار ایک اور شخص کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق طیارہ ضلع کے گھنے اور نکسلیوں سے متاثرہ جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا اور اس میں دو افراد سوار تھے۔ خبر ہے کہ طیارے نے مہاراشٹر کے گونڈیا ضلع میں واقع تربیتی سنٹر سے پرواز بھری تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ گاؤں والوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ طیارے کا ملبہ گھنے جنگل اور پہاڑی علاقوں میں پھیلا ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دو سیٹ والےاس طیارے میں دو لوگ سوار تھے۔ پولیس فورس دونوں کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حادثے کی شدت کی بنیاد پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں شاید ہی زندہ ہوں۔
طیارہ گرنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ طیارے کا ملبہ بھککوٹولا جنگل میں پھیلا ہوا ہے۔