وزیر اعظم، روسی فوج میں ہندوستانیوں کی بھرتی روکنے پوتین سے بات کریں: اسد اویسی
اسد الدین اویسی نے پیر کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو روسی صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ ملاقات کے دوران روس کی فوج میں ہندوستانیوں کی خدمت کے معاملہ کو اُٹھانا چاہیے اور مودی کو یوکرین کی جنگ لڑنے کے لئے ہندوستانیوں کی بھرتی کو روکنا ہوگا۔
حیدر آباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے پیر کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو روسی صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ ملاقات کے دوران روس کی فوج میں ہندوستانیوں کی خدمت کے معاملہ کو اُٹھانا چاہیے اور مودی کو یوکرین کی جنگ لڑنے کے لئے ہندوستانیوں کی بھرتی کو روکنا ہوگا۔
حیدر آباد کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مودی جو روس کے دورہ پر روانہ ہوئے ہیں، کو جنگ زون میں پھنسے ہندوستانیوں کو بعجلت ممکنہ وطن واپس لانے کو یقینی بنانا ہوگا۔ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ا سدالدین اویسی نے کہا کہ نریندر مودی روس میں ہیں، اس لئے انہیں پوتین کے ساتھ ملاقات کے دوران روس کی فوج میں ہندوستانیوں کی بھرتی کو روکنے کے لئے بات چیت کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کئی معصوم ہندوستانی جنگ میں پھنس گئے ہیں۔ اس لئے ان پھنسے ہندوستانیوں کو جلد از جلد وطن واپس لانا چاہیے۔ دورہ کے دوران وزیر اعظم یقینی طور پر یوکرین جنگ کے مسئلہ پر پوتین سے ضرور تبادلہ خیال کریں گے۔
2019ء کے بعد اور فروری 2022 میں یوکرین پر حملہ کے بعد مودی کا یہ پہلا دورہ روس ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق کئی ہندوستانی، سکیوریٹی ہلپرس کی حیثیت سے روسی فوج کے ساتھ کام کررہے ہیں۔
یوکرین کے ساتھ روس کی سرحد پر چند مقامات پر ان ہندوستانیوں کو لڑنے کے لئے مجبور کیا جارہا ہے۔ روس۔ یوکرین کی جنگ میں 30 سالہ حیدر آبادی نوجوان کے بشمول کم سے کم 3 ہندوستانی ہلاک ہوچکے ہیں۔