ایس ایس سی امیدواروں پر پولیس لاٹھی چارج، مرکز پر راہول اور پرینکا گاندھی کی تنقید
کانگریس قائد راہول گاندھی نے رام لیلا میدان میں احتجاج کررہے ایس ایس سی امیدواروں اور اساتذہ پر دہلی پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت کی۔ انہوں نے پیر کے دن کہا کہ بزدل حکومت کی یہی پہچان ہے۔ سرکاری امتحانوں اور بھرتیوں میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف ہزاروں طلبا احتجاج کے لئے اکٹھا ہوئے تھے۔
نئی دہلی۔ (آئی اے این ایس) کانگریس قائد راہول گاندھی نے رام لیلا میدان میں احتجاج کررہے ایس ایس سی امیدواروں اور اساتذہ پر دہلی پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت کی۔ انہوں نے پیر کے دن کہا کہ بزدل حکومت کی یہی پہچان ہے۔ سرکاری امتحانوں اور بھرتیوں میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف ہزاروں طلبا احتجاج کے لئے اکٹھا ہوئے تھے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔ ایکس پر راہول گاندھی نے لکھا کہ اسٹاف سلکشن کمیشن امیدواروں اور ٹیچرس پر بہیمانہ لاٹھی چارج نہ صرف شرمناک ہے بلکہ یہ بزدل حکومت کی پہچان ہے۔ نوجوان صرف اپنا حق روزگار اور انصاف مانگ رہے تھے۔ انہیں کیا ملا؟ لاٹھی۔
یہ واضح ہوچکا ہے کہ مودی حکومت کو نہ تو ملک کے نوجوانوں کی پرواہ ہے اور نہ ہی ان کے مستقبل کی۔ ایسا کیوں ہے؟ یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے برسراقتدار نہیں آئی۔ اس نے ووٹ چرائے ہیں۔ پہلے وہ ووٹ چراتی ہے اس کے بعد امتحانات اور پھر نوکریاں چراتی ہے۔ آخر میں وہ نوجوانوں کے حقوق اور ان کی آواز کو کچل دیتی ہے۔
نوجوان‘ کسان‘ دلت‘ غریب اور اقلیت کسی کے بھی ووٹوں کی اسے ضرورت نہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ آپ کے مطالبات کبھی بھی اس کی ترجیح نہیں رہے۔ اب وقت آگیا ہے ڈرنا نہیں ہے بلکہ ڈٹے رہنا ہے اور لڑنا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے بھی کل کے واقعہ پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔
انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ دہلی کے رام لیلا میدان میں احتجاج کررہے ایس ایس سی امیدواروں کے خلاف پولیس کی طاقت کا استعمال غیرانسانی اور شرمناک ہے۔ ہر امتحان میں دھاندلیا ں اور ہر بھرتی میں اسکام ہورہا ہے۔ امتحانی پرچوں کے افشاء نے سارے ملک کے نوجوانوں کو پریشان کررکھا ہے۔
بی جے پی دور میں بھرتی کے عمل اور امتحانات میں کرپشن سے نوجوانوں کا مستقبل برباد ہورہا ہے۔پولیس عہدیداروں کے بموجب اتوار کے دن تقریباً 15 ہزار مظاہرین رام لیلا میدان میں جمع تھے۔ شام ہوتے ہوتے بیشتر احتجاجی وہاں سے چلے گئے لیکن تقریباً 100مظاہرین نے جانے سے انکار کردیا جس پر ان کا پولیس کے ساتھ ٹکراؤ ہوا۔
بحث و تکرار کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کردیا جس کے نتیجہ میں کئی طلبا زخمی ہوگئے اور کم ازکم 44 احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔