پون کلیان کی فلم کے خصوصی پریمئر شو کے دوران مداحوں کے درمیان جھڑپ ،پولیس کالاٹھی چارج
حکام اب اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ پیشگی اجازت اور سیکیورٹی انتظامات کے باوجود صورتحال اس قدر خراب کیسے ہوئی۔ واقعہ نے نہ صرف مداحوں کے جوش و خروش کو متاثر کیا بلکہ فلم کی ریلیز پر بھی منفی تاثر چھوڑا ہے۔
حیدرآباد: اداکار سے سیاستدان بنے پون کلیان کی نئی فلم ہری ہر ویرا ماللو کے خصوصی پریمئر شو کے دوران اے پی کے مچھلی پٹنم کے ریوتی تھیٹر میں شدید ہنگامہ آرائی اور بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
پون کلیان کے مداحوں کے درمیان جھڑپ کے باعث ماحول کشیدہ ہو گیا جس سے فلم کی ریلیز تقاریب پر ایک منفی اثر پڑا۔
ذرائع کے مطابق خصوصی پریمئر شو کے لیے معمول سے ہٹ کر اجازت دی گئی تھی تاہم مداحوں کا جوش و خروش قابو سے باہر ہو گیا۔ تھیٹر کے احاطہ میں مداحوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوئی اور کچھ افراد نے پانی کی کینیں ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے پر حملے کیے۔ ہنگامہ کے دوران تھیٹر کے داخلی دروازے کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔
مقامی پولیس نے ہجوم کو قابو میں لانے کی کوشش کی، مگر جب حالات مزید بگڑنے لگے تو پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا تاکہ صورتحال کو قابو میں لایا جا سکے اور مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
حکام اب اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ پیشگی اجازت اور سیکیورٹی انتظامات کے باوجود صورتحال اس قدر خراب کیسے ہوئی۔ واقعہ نے نہ صرف مداحوں کے جوش و خروش کو متاثر کیا بلکہ فلم کی ریلیز پر بھی منفی تاثر چھوڑا ہے۔
پولیس نے عوام سے پرامن انداز میں فلم سے لطف اندوز ہونے کی اپیل کی ہے اور کسی بھی طرح کے تشدد یا ہنگامہ آرائی سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔