مہاراشٹرا

مہاراشٹرا میں سیاسی زلزلہ،شرد پوار کوبھتیجہ کی بغاوت کی بھنک تک نہ لگی

این سی پی میں عمودی پھوٹ ڈالتے ہوئے اس کے سینئر قائد اجیت پوار اتوار کے دن ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے مہاراشٹرا کی ایکناتھ شنڈے حکومت میں شامل ہوگئے۔

ممبئی: بڑی سیاسی اتھل پتھل میں مہاراشٹرا کے قائد اپوزیشن اجیت پوار نے چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے اور ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس کی شیوسینا۔ بی جے پی حکومت میں ڈپٹی چیف منسٹر بننے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) میں پھوٹ ڈال دی۔ اجیت پوار کے حامی ارکان اسمبلی کی حسب معمول میٹنگ کے بعد تیزرفتار سیاسی تبدیلیاں ہوئیں۔

متعلقہ خبریں
اجیت پوار کی این سی پی کا ایکس ہینڈل ”معطل“
میں بلیوں کونہیں بلکہ شیروں کونشانہ بناؤں گا۔چیف منسٹر کے تبصرہ کے بعد بی آر ایس کیڈرمیں ہلچل
مادھوی لتا کو شیوسینا شنڈے گروپ کی تائید
ممبئی سمیت مہاراشٹر میں پانچویں اور آخری مرحلے کیلئے انتخابی مہم ختم
پاکستان میں مخلوط حکومت کی تشکیل کے لئے سرگرمیاں تیز

میٹنگ کے اندرون چند گھنٹے فیصلہ کیاگیا کہ این سی پی چھوڑ دی جائے۔ دوپہر میں اجیت پوار اپنی پارٹی کے کئی بڑے قائدین کے ساتھ گورنر رمیش بائس سے ملنے راج بھون پہنچ گئے۔

انہوں نے تقریباً 36 ارکان اسمبلی کی دستخط والا مکتوب تائید انہیں سونپا۔ اس کے فوری بعد ایکناتھ شنڈے‘ دیویندر پھڈنویس‘ بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باون کلے اور دیگر سینئر قائدین راج بھون پہنچ گئے۔

اجیت پوار نے این سی پی کے چند ارکان اسمبلی کے ساتھ حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا اور گورنر نے انہیں حلف دلایا۔پی ٹی آئی کے بموجب این سی پی میں عمودی پھوٹ ڈالتے ہوئے اس کے سینئر قائد اجیت پوار اتوار کے دن ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے مہاراشٹرا کی ایکناتھ شنڈے حکومت میں شامل ہوگئے۔

 انہوں نے حلف لینے کے بعد کہا کہ ان کی پارٹی نے ملک کی ترقی کیلئے ایکناتھ شنڈے حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔ این سی پی میں کوئی پھوٹ نہیں پڑی ہے اور وہ مستقبل کے سارے الیکشن این سی پی کے نام اور نشان پر لڑیں گے۔

 قلمدانوں کا اعلان دو دن میں ہوجائے گا اور ہم کام پر لگ جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹنہ میں اپوزیشن میٹنگ میں این سی پی صدر شردپوار اور پارٹی کی کارگزار صدر سپریہ سولے کی موجودگی سے اجیت پوار اور ان کے حامی بھڑکے ہوئے تھے۔

گورنر رمیش بائس نے راج بھون میں اجیت پوار کو ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف دلایا۔ این سی پی کے دیگر 8 قائدین نے وزراء کی حیثیت سے حلف لیا۔ ان میں چھگن بھوجبل‘ دلیپ ولسے پاٹل‘ حسن مشرف‘ دھننجئے منڈے‘ آدیتی تتکرے‘ دھرماراؤآترم‘ انیل پاٹل اور سنجئے بنسوڑے شامل ہیں۔

 مہاراشٹرا اسمبلی کے اسپیکر راہول نارویکر نے جو راج بھون میں موجود تھے کہاکہ اجیت پوار نے ایوان زیریں میں قائد اپوزیشن کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا جو قبول کرلیاگیا۔ ڈپٹی اسپیکر نرہری زیروال اور کارگزارصدر این سی پی پرفل پٹیل بھی راج بھون میں موجود تھے۔

مہاراشٹرا میں بی جے پی کے صدر چندر شیکھر باون کلے نے دعویٰ کیا کہ این سی پی کے 53 ارکان اسمبلی کے منجملہ  40 نے ریاستی حکومت کی تائید کردی ہے۔ 288 رکنی اسمبلی کا الیکشن آئندہ سال ہونے والا ہے۔

ایک سال قبل ایکناتھ شنڈے نے بغاوت کردی تھی جس کے نتیجہ میں شیوسینا میں پھوٹ پڑگئی تھی اور مہاوکاس اگھاڑی حکومت گرگئی تھی۔ 30 جون 2022 کو ایکناتھ شنڈے نے چیف منسٹر کی حیثیت سے اور بی جے پی قائد دیویندر پھڈنویس نے ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت حلف لیاتھا۔

 آج صبح اجیت پوار نے ممبئی میں اپنی سرکاری قیام گاہ دیوگری میں اپنی پارٹی کے بعض قائدین اور ارکان اسمبلی سے ملاقات کی تھی۔ سینئر این سی پی قائد چھگن بھوجبل اور پارٹی کی کارگزار صدر سپریہ سولے بھی موجود تھیں تاہم وہ جلد وہاں سے چلی گئیں۔ شرد پوار نے جو پونے میں تھے کہاکہ انہیں اس میٹنگ کی اطلاع نہیں۔

a3w
a3w