تلنگانہ میں سیاسی ہلچل، کانگریس میں شامل ہونے والے بی آر ایس ایم ایل ایز کی رکنیت پر کڑی آزمائش
اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد کمار ان تمام کیسز کی سماعت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس مرحلے پر کراس ایگزامینیشن کے دوران وکلا کی جانب سے نہایت اہم دلائل پیش کیے جانے والے ہیں۔ یکم اکتوبر کو ان ہی کیسز کی دوبارہ سماعت متوقع ہے جس میں درخواست گزار اور مدعا علیہان کے وکلا براہِ راست دلائل دیں گے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں بی آر ایس پارٹی سے جیت کر بعد میں کانگریس میں شامل ہونے والے ایم ایل ایز کی رکنیت پر خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ اسمبلی اسپیکر نے ان ایم ایل ایز کے خلاف دائر کردہ نااہلی کی درخواستوں پر سماعت کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
شیڈول کے مطابق سماعتیں 29 ستمبر بروز پیر صبح 11 بجے شروع ہوں گی۔ سب سے پہلے راجندر نگر کے ایم ایل اے ٹی۔ پرکاش گوڑ کا کیس سنا جائے گا۔ اسی دن دوپہر 12 بجے جیوڑلہ کے ایم ایل اے کالے یادیا کے خلاف سماعت ہوگی۔ دوپہر 1 بجے پٹن چیرو کے ایم ایل اے گڈم مہپال ریڈی کا کیس لیا جائے گا جبکہ سہ پہر 3 بجے گدوال کے ایم ایل اے بندلا کرشنا موہن ریڈی پر سماعت مقرر ہے۔
اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد کمار ان تمام کیسز کی سماعت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس مرحلے پر کراس ایگزامینیشن کے دوران وکلا کی جانب سے نہایت اہم دلائل پیش کیے جانے والے ہیں۔ یکم اکتوبر کو ان ہی کیسز کی دوبارہ سماعت متوقع ہے جس میں درخواست گزار اور مدعا علیہان کے وکلا براہِ راست دلائل دیں گے۔
یہ تمام کارروائی دسویں شیڈول کے تحت اسپیکر/چیئرمین کی نگرانی میں ہوگی۔ کیسز میں بی آر ایس کے وکلا اور کانگریس میں شامل ہونے والے ایم ایل ایز کے وکلا آمنے سامنے ہوں گے۔ اہم معاملات میں کلواکنتلا سنجے بمقابلہ ٹی۔ پرکاش گوڑ، چنتا پربھاکر بمقابلہ کالے یادیا، اور چنتا پربھاکر بمقابلہ گوڈم مہپال ریڈی کے کیسز شامل ہیں۔ سیاسی حلقوں میں ان سماعتوں کو ریاست کے مستقبل کے سیاسی منظرنامے کے لیے نہایت اہم قرار دیا جارہا ہے۔