راہول کو سیاسی طور پر کمزور کرنے کی سازش پر کانگریس کی ستیہ گرہ
سابق صدر اے آئی سی سی راہول گاندھی کو سیاسی طور پر کمزور کرنے بی جے پی کی سازش کے خلاف تلنگانہ کانگریس قائدین نے آج ریاست بھر میں ستیہ گرہ منظم کی اور اپنے منہ پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج درج کرایا۔
حیدرآباد: سابق صدر اے آئی سی سی راہول گاندھی کو سیاسی طور پر کمزور کرنے بی جے پی کی سازش کے خلاف تلنگانہ کانگریس قائدین نے آج ریاست بھر میں ستیہ گرہ منظم کی اور اپنے منہ پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج درج کرایا۔
ستیہ گرہ کا سب سے بڑا پروگرام گاندھی بھون میں دیکھا گیا جہاں کانگریس کے سینئر قائدین کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ایم پی، کنوینر پولیٹکل آفیئر کمیٹی محمد علی شبیر، انچارج اے آئی سی سی منصور علی خان، ٹی جیون ریڈی ایم ایل سی، سمپت کمار سکریٹری اے آئی سی سی، سریدھر بابو، ٹی جگا ریڈی ارکان اسمبلی، پونم پربھاکر، اے آئی سی سی انچارج مانک راؤٹھاکرے، انیل کمار یادو، صدر مہیلا وبھاگ سنیتا راؤ، پونالہ لکشمیا سابق صدر، و دیگر قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے ستیہ گرہ میں حصہ لیا۔
اور ان قائدین نے اپنی تقاریر میں کہا کہ بی جے پی کے آمرانہ حکمرانی سے ملک میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ راہول گاندھی جنہوں نے پارلیمنٹ میں معاشی مجرموں کے خلاف آواز بلند کرنے پر، منصوبہ بند سازش کے تحت مودی حکومت نے ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کرادی اور انہیں رہائشی بنگلہ سے تخلیہ کروادیا۔
منصور علی خان انچارج کانگریس امور نے کہا کہ راہول گاندھی نے ہتک عزت کیس میں سورت عدالت کے فیصلہ خلاف گجرات ہائی کورٹ میں مرافعہ داخل کیا تھا۔ گجرات ہائی کورٹ نے ان کی درخواست کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت منظم سازش کے تحت راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات دائر کرتے ہوئے انہیں ہر اساں کررہی ہے۔
تاہم راہول گاندھی کو سپریم کورٹ میں کامیابی ملنے کی توقع ہے۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی سے مودی حکومت اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ چونکہ راہول گاندھی ایک بے باک قائد ہیں۔اس لئے انہیں سیاسی منظر سے ہٹا نے کیلئے قانون کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے۔
تاہم کانگریس پارٹی مودی حکومت کے ان ہتھکنڈوں سے کبھی مرعوب یا خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ پوری طاقت کے ساتھ کانگریس پارٹی جمہوری طور پر مقابلہ کرے گی۔
محمد علی شبیر نے کے سی آر کی آمرانہ حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کسانوں کو مفت برقی سربراہی کا نگریس حکومت کا کارنامہ ہے لیکن بی آر ایس حکومت کسانوں کو 12 گھنٹے بھی برقی سربراہی میں ناکام ہوچکی ہے۔ ٹی جیون ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سریدھر بابو و دیگر قائدین نے بھی راہول گاندھی کے ساتھ اظہار یگانگت کیا اور بی جے پی حکومت کے غیر جمہوری طرز عمل کے خلاف شدید ردعمل کااظہار کیا۔