غرباء، مفت راشن کے عوض بی جے پی کو ووٹ نہ دیں:مایاوتی
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے پیر کے دن غریبوں سے کہا کہ وہ مرکزی حکومت سے ملنے والے مفت راشن کے عوض بی جے پی کو ووٹ نہ دیں۔

بدایوں (یوپی): بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے پیر کے دن غریبوں سے کہا کہ وہ مرکزی حکومت سے ملنے والے مفت راشن کے عوض بی جے پی کو ووٹ نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کچھ دن سے غریب کنبوں میں تھوڑاسا راشن بانٹ رہی ہے اور الیکشن کے دوران بی جے پی اور آر ایس ایس والے گاؤں گاؤں جاکر غریبوں سے کہتے ہیں کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دے کر اس کا شکریہ ادا کریں۔ مایاوتی‘ بدایوں میں اپنے پارٹی امیدوار کی تائید میں الیکشن ریالی سے خطاب کررہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ نہیں ہونا چاہئے۔ فری راشن‘ وزیراعظم نریندر مودی یا بی جے پی کی جیب سے نہیں مل رہا ہے۔ یہ ٹیکس ادا کرنے والوں کا پیسہ ہے۔ آپ کو شکریہ ادا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ آپ کا اپنا پیسہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ غریبوں کے مسائل صرف انہیں روزگار دینے سے ختم ہوں گے۔
مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ زیادہ تر دیکھا گیا ہے کہ جہاں مسلمان اکثریت میں ہوتے ہیں سماج وادی پارٹی ہندو کو ٹکٹ دیتی ہے اور جہاں ہندو تعداد میں زیادہ ہوتے ہیں وہاں وہ مسلم امیدوار میدان میں اتارتی ہے۔ یہ سماج وادی پارٹی کا کردار ہے۔
بدایوں میں جہاں مسلمانوں کی قابل ِ لحاظ آبادی ہے‘ سماج وادی پارٹی نے اپنی فیملی اور اپنی ذات والے کو امیدوار بنایا۔ مایاوتی نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ چند سال سے مسلمانوں اور مذہبی اقلیتوں کی ترقی رکی ہوئی ہے۔
ہندوتوا کے نام پر ان پر ظلم و زیادتی ہورہی ہے۔ مایاوتی نے بدایوں سے اپنے پارٹی امیدوار مسلم خان‘ آنولہ سے عابد علی اور سنبھل سے صولت علی کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔