عصمت ریزی معاملہ میں پرجوئل ریونا کی رہائی کی درخواست خارج
ایڈیشنل سٹی سول اینڈ سیشن جج سنتوش گجان بھٹ کی طرف سے 3 اپریل کو دیے گئے حکم میں کہا گیا کہ بادی النظر میں ریونا کے خلاف الزامات عائد کرنے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں۔ ریونا پر الزام ہے کہ اس نے اپنی نوکرانی کے ساتھ متعدد بار زیادتی کی اور اسے ویڈیو میں ریکارڈ کیا۔

بنگلور: بنگلور کے ٹرائل کورٹ نے جنتا دل (سیکولر) کے معطل لیڈر پرجول ریونا کی اس عرضی کو خارج کردی ہے جس میں انہوں نے اپنی سابق گھریلو ملازمہ کے ساتھ عصمت دری کیس سے بری ہونے کی درخواست تھی۔ اس سے اس کے خلاف مکمل فوجداری ٹرائل کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
ایڈیشنل سٹی سول اینڈ سیشن جج سنتوش گجان بھٹ کی طرف سے 3 اپریل کو دیے گئے حکم میں کہا گیا کہ بادی النظر میں ریونا کے خلاف الزامات عائد کرنے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں۔ ریونا پر الزام ہے کہ اس نے اپنی نوکرانی کے ساتھ متعدد بار زیادتی کی اور اسے ویڈیو میں ریکارڈ کیا۔
عدالت نے تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مسٹر ریونا کے خلاف الزامات طے کیے ہیں، جن میں اثر و رسوخ رکھنے والے شخص کے ذریعے عصمت دری کے لیے دفعہ 376 (2) (اے)، بار بار جنسی زیادتی کے لیے دفعہ 376 (2) (این)، جنسی طور پر ہراساں کرنے کے لیے 354 اے، برہنہ کرنے کے ارادے سے حملہ کرنے کے لیے دفعہ 354 بی، تاک جھانک کرنے کے لیے دفعہ 354 سی، جرم کی دھمکی کے لیے دفعہ 506 اور ثبوتوں کو غائب کرنے کے لیے دفعہ 201 شامل ہیں۔
مزید، عدالت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ، 2008 کی دفعہ 66 ای کا بھی حوالہ دیا، جو ذاتی تصاویر کو پھیلانے سے رازداری کی خلاف ورزی سے متعلق ہے۔
یہ مقدمہ ایک خاتون کی طرف سے لگائے گئے الزامات سے متعلق ہے جو کہ 2021 میں کووڈ-19 کے لاک ڈاؤن کے دوران ریونا فیملی کے فارم ہاؤس پر کام کر رہی تھی۔
شکایت کنندہ نے ملزم ریونا پر متعدد مواقع سے جنسی زیادتی کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس نے مبینہ طور پر ان حرکتوں کو فلمایا اور اسے عام کرنے کی دھمکی دی، اس لیے وہ بدنامی کے خوف سے خاموش رہی۔ اسی طرح کی ایک ویڈیو آن لائن منظر عام پر آنے کے بعد اس نے گزشتہ سال شکایت درج کروائی تھی۔
اس کے بعد، ملزم ریونا کے خلاف چار ایف آئی آر درج کی گئیں، جس میں خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اگست 2024 میں تفصیلی چارج شیٹ داخل کی تھی۔
بڑھتے ہوئے عوامی غم و غصے کے درمیان، ملزم ریونا نے لوک سبھا انتخابات کے فوراً بعد ملک چھوڑ دیا تھا لیکن 31 مئی 2024 کو جرمنی سے واپسی کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا تھا اور تب سے وہ عدالتی تحویل میں ہے۔
سینئر ایڈوکیٹ ارونا شیام اور ایڈوکیٹ ارون جی نے ملزم ریونا کی طرف سے پیش ہوکر دلیل دی کہ ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور ان کا مقصد مسٹر ریونا کی شبیہ کو خراب کرنا ہے۔ انہوں نے شکایت درج کرنے میں تاخیر اور ثبوت کے قابل قبول ہونے پر بھی سوالات اٹھائے۔
تاہم، ایس آئی ٹی نے دلیل دی کہ تحقیقات میں جنسی زیادتی کے 2,900 سے زیادہ ویڈیوز کا انکشاف ہوا ہے جس میں متعدد خواتین شامل ہیں اور فورنسک تجزیہ میں ان کی صداقت کی تصدیق کی ہے۔
استغاثہ نے دلیل دی کہ رپورٹ درج ہونے میں تاخیر اور کارستانیوں کو ریکارڈ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے اصل آلے کی بازیافت میں ناکامی کچھ ایسے معاملات تھے جن کا ٹرائل کے دوران جائزہ لینے کی ضرورت تھی۔
ریونا کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے، عدالت نے کہا کہ متاثرہ کی گواہی قابل اعتبار معلوم ہوتی ہے۔ عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ مقدمے کے دوران دفاع کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو مناسب طریقے سے حل کیا جائے گا۔
عدالت نے کہا کہ عام سمجھ کی بنیاد پر یہ تصور کیا جانا چاہیے کہ کوئی بھی عورت عدالت کے سامنے اپنی عفت کے بارے میں بیان دینے کے لیے نہیں آئے گی، جسے عام ہندوستانی روایتی معاشرے میں موت سے زیادہ اہم سمجھا جاتا ہے۔
ملزم ریونا کے وکیل نے ایس آئی ٹی کی طرف سے داخل کی گئی چارج شیٹ کی صداقت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ یہ سی آر پی سی کے تحت کسی تھانے کی تحقیقات کے قابل نہیں ہے۔
تاہم، عدالت نے واضح کیا کہ سی آئی ڈی کے اہلکاروں پر مشتمل ایس آئی ٹی، سی آئی ڈی کے تحت کام کرتی ہے، جسے سرکاری طور پر جنوری 2024 میں ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے تھانے کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اس کیس کی اگلی سماعت 9 اپریل کو ہوگی۔