زائد از 200 چینی ایپس پر پابندی لگانے کی تیاریاں
چینی قرض اور بیٹنگ ایپس کے بارے میں مسلسل شکایتوں کے بعد وزارتِ الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی نے 138 بیٹنگ ایپس اور 94 قرض ایپس پر پابندی لگانے کا عمل شروع کردیا ہے۔
نئی دہلی: چینی قرض اور بیٹنگ ایپس کے بارے میں مسلسل شکایتوں کے بعد وزارتِ الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی نے 138 بیٹنگ ایپس اور 94 قرض ایپس پر پابندی لگانے کا عمل شروع کردیا ہے۔
ان ایپس کے چینی لنکس ہیں۔ مرکزی وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر یہ اقدام کیا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزارتِ داخلہ نے حال ہی میں وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹکنالوجی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے اپلی کیشنس پر پابندی عائد کردے جو تھرڈ پارٹی لنکس کے ذریعہ چلائے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ تمام ایپس انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 69 کے مغائر پائے گئے ہیں اور ان میں ایسا میٹریل ہے، جو ہندوستان کے اقتدارِ اعلیٰ اور یکجہتی کے لیے خطرہ تصور کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مالی طور پر بدحال افراد کو قرض کے جال میں پھانسنے کے لیے ان ایپس کا استعمال کیا جاتا ہے اور قرضہ جات پر سود کو تین ہزار فیصد تک بڑھا دیا جاتا ہے۔ قرض کے جال میں پھنسنے والے کئی افراد نے اُس وقت خودکشی کرلی جب ایپس کے لیے کام کرنے والے لوگوں نے انھیں ذہنی طور پر ہراساں کیا۔