وائرل ویڈیو: ’’بھوسمادھی‘‘ کے لئے زندہ دفن نوجوان کو پولیس نے بچالیا
لکھنؤ سے 45 کلومیٹر دور اناؤ ضلع کے تاج پور گاؤں کے تین پجاریوں نے مذہبی رسومات کے ذریعہ پیسہ کمانے کے لالچ میں ایک نوجوان کو زیر زمین سمادھی لینے کے لئے راضی کیا تھا۔

لکھنؤ: اترپردیش پولیس نے آج ایک نوجوان کو بچالیا جس نے پجاریوں کے اُکسانے پر ’’سمادھی‘‘ لے لی تھی اور خوشی خوشی 6 فٹ گہرے گڑھے میں زندہ دفن ہوگیا تھا۔ سادھوؤں نے اسے بتایا تھا کہ اگر وہ نوراتری کا تہوار شروع ہونے سے ایک دن پہلے سمادھی لے لے گا تو اسے خود شناسی (کامیابی/نجات) حاصل ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق لکھنؤ سے 45 کلومیٹر دور اناؤ ضلع کے تاج پور گاؤں کے تین پجاریوں نے مذہبی رسومات کے ذریعہ پیسہ کمانے کے لالچ میں ایک نوجوان کو زیر زمین سمادھی لینے کے لئے راضی کیا تھا۔
اس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نوجوان کو جلدی سے چھ فٹ گہرے گڑھے سے باہر نکالا۔ اس واقعہ کی ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کے جوان مٹی اور بانس ہٹارہے ہیں جن کے ذریعہ اس گڑھے کو ڈھانپ دیا گیا تھا اور نیچے آدمی کو دفن کیا گیا تھا۔
دفن ہونے والے نوجوان سمیت چاروں افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہندو تہوار نوراتری کے دوران پیسے بٹورنے کے لالچ میں یہ سازش رچی گئی تھی۔
سمادھی لینے والے نوجوان کی شناخت اسیوان تھانہ کے تحت تاج پور گاؤں کے رہنے والے شبھم گوسوامی کے طور پر کی گئی ہے۔ دلچسپی اور حیرت کی بات یہ ہے کہ شبھم گوسوامی کے باپ ونیت گوسوامی نے بھی گڑھا کھودنے میں مدد کی تھی۔
شبھم تقریباً پانچ سال سے گاؤں کے باہر ایک جھونپڑی میں رہ رہا تھا۔ پجاریوں کے ساتھ رابطے میں آنے کے بعد وہ مذہبی رسومات میں شامل ہونے لگا۔
پجاریوں منالال اور شیوکیش ڈکشٹ نے نوجوان کو نجات پانے کی باتیں بتائیں اور اس کے لئے اسے ’’بھو سمادھی‘‘ لینے کی ترغیب دی۔
اتوار کی شام وہ 6 فٹ گہرے گڑھے میں داخل ہوا۔ گاؤں کے لوگوں کو اس کا علم ہوا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ گڑھے میں زندہ دفن ہونے کی خبر سن کر پولیس والے گھبرا گئے۔
وہ فوری گاؤں پہنچے اور گڑھے پر سے مٹی، بانس اور پالیتھین کور ہٹاکر اسے باہر نکالا۔ نوجوان کو بچانے کے بعد پولیس نے اس سے سختی سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد پجاریوں کا منصوبہ فاش ہوگیا کہ انہوں نے پیسے کے لالچ میں یہ سب کیا تھا۔
دیگر جو اس میں ملوث تھے، موقع سے فرار ہوگئے، لیکن پولیس نے شبھم گوسوامی اور پجاری منالال اور شیوکیش ڈکشٹ کو گرفتار کرلیا۔ گوسوامی کو طبی معائنہ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔