امریکی ایوان نمائندگان میں بائیڈن کے مواخذے کی تیاری
اسپیکر نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران بائیڈن نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کبھی کاروبار کے بارے میں بات نہیں کی اور ان کے خاندان کو چین سے کبھی بھی "ایک ڈالر" تک نہیں ملا۔

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان بدعنوانی کی مشتبہ کارروائیوں پر امریکی صدر جو بائیڈن کے خلاف مواخذے کی تیاری کر رہا ہے۔ ایوان نمائندگان کے اسپیکر کیون میکارتھی نے منگل کے روز مسٹر بائیڈن کے افراد خاندان کے ذریعہ بیرون ملک چلائی جانے والی اسکیموں کے حوالے سے یہ اظہار خیال کیا۔
اسپیکر نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران مسٹر بائیڈن نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کبھی کاروبار کے بارے میں بات نہیں کی اور ان کے خاندان کو چین سے کبھی بھی "ایک ڈالر” تک نہیں ملا۔
میکارتھی نے فاکس نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں بتایا کہ "ہم نے اب مواخذے کی سطح تک ثابت کیا ہے کہ ان کا دعوی درست نہیں ہے. ہمارے ثبوت سے امریکی کانگریس کو باقی ضروری معلومات اور اطلاعات حاصل کرنے کے لیے مضبوط طاقت فراہم ہوسکتی ہے۔”
اسپیکر نے مزید کہا کہ بائیڈن ایسے طریقے استعمال کرتے رہے ہیں جو اس سے پہلے سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کی انتظامیہ کے دوران اپنائے گئے تھے، جیسے اپنے خاندان کے فائدے کے لیے حکومت کو اختیار دینا اور کانگریس کو "نگرانی کی صلاحیت” سے بھی محروم کرنا۔
گزشتہ ہفتے، امریکی سینیٹر چک گراسلے اور ہاؤس اوور سائیٹ کمیٹی کے چیئرمین جیمز کامر نے جزوی طور پر ترمیم شدہ ایف بی آئی کا ریکارڈ جاری کیا تھا جوغیر ملکی رشوت ستانی کی اسکیم پر مشتمل تھا، جس میں بائیڈن خاندان اور یوکرین کی توانائی کمپنی برِیسما ملوث ہے۔