کھیل

فٹ بال حقیقی معنوں میں عالمی بن رہا ہے: صدرنشین فیفا

انفنٹینو نے کہا، "تاریخ میں پہلی بار، ہر براعظم کی ٹیمیں فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچی ہیں، جس سے مقابلے کی سطح ناقابل یقین حد تک بلند ہو گئی ہے۔ ہم دیکھ سکتے ہیں کہ فٹ بال حقیقی معنوں میں عالمی بن رہا ہے۔"

دوحہ: بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن (فیفا) کے صدر گیانی انفنٹینو نے منگل کے روز کہا کہ دنیا بھر کے فٹ بال شائقین نے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کا لطف اٹھایا ہے اور اب یہ کھیل حقیقی معنوں میں عالمی بن رہا ہے۔

انفنٹینو نے کہا، "تاریخ میں پہلی بار، ہر براعظم کی ٹیمیں فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچی ہیں، جس سے مقابلے کی سطح ناقابل یقین حد تک بلند ہو گئی ہے۔ ہم دیکھ سکتے ہیں کہ فٹ بال حقیقی معنوں میں عالمی بن رہا ہے۔”

انہوں نے ٹورنامنٹ کے میزبان قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "آپ نے اور یہاں کے لوگوں نے دنیا کو اس خوبصورت ملک میں خوش آمدید کہنے کے لئے جو کچھ کیا وہ ناقابل یقین ہے۔ یہاں سب نے اپنے گھر جیسا محسوس کیا۔”

انفنٹینو نے اس ورلڈ کپ کو "اب تک کا بہترین” قرار دیتے ہوئے موجودہ عالمی چیمپئن ارجنٹینا، رنر اپ فرانس، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی کروشیا اور مراکش کو مبارکباد دی، جو سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم ہے۔

انفنٹینو نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ نے دنیا کو اکٹھا کیا ہے۔ جدید ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار تمام ٹیموں کے شائقین ایک ہی شہر میں موجود تھے جس کے لئے انہوں نے قطر کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ "میرے خیال میں پوری دنیا کے شائقین نے اس ورلڈ کپ کا لطف اٹھایا ہے، چاہے وہ یہاں قطر میں رہے ہوں یا گھر سے اس کا تجربہ کیا ہو۔ ہم نے دیکھا ہے کہ فٹ بال دنیا کو کس طرح متحد کرتا ہے۔ قطر اور دنیا بھر کے 32 ممالک کے شائقین بے حد خوش ہیں۔”