دہلی

وزیراعظم مودی‘ ہرقدم پر ناکام ظالم حکمراں،مرکزی آرڈیننس ہٹلرشاہی: اروند کجریوال

وزیراعظم کے آرڈیننس کی رو سے کوئی جمہوریت نہیں ہوگی۔ مودی لیفٹننٹ گورنر کے ذریعہ حکومت دہلی کو چلاناچاہتے ہیں جبکہ امبیڈکر لکھ چکے ہیں کہ ملک دستور کے حساب سے چلے گا۔

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے اتوار کے دن رام لیلا میدان میں عام آدمی پارٹی کی مہاریالی کے دوران مرکز پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے وزیراعظم نریندرمودی کو ”ظالم“ قراردیا جو ہرقدم پر ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے مرکز کے آرڈیننس کو ”ہٹلرشاہی“ قراردیا۔

متعلقہ خبریں
مودی کو کجریوال کو جیل میں ڈالنے پر معافی مانگنی چاہئے:عام آدمی پارٹی
نہ صرف مہاراشٹر بلکہ پورے ملک میں لوگ خوفزدہ ہیں:کجریوال
دہلی کی نئی چیف منسٹر آتشی 21 ستمبر کو حلف لیں گی
ہندوستان ایک ملک ایک سول کوڈ کی طرف بڑھ رہا ہے: نریندر مودی (ویڈیو)
دونوں جماعتوں نے حیدرآباد کو لیز پر مجلس کے حوالے کردیا۔ وزیر اعظم کا الزام (ویڈیو)

کجریوال نے چوتھی جماعت تک پڑھے ہوئے ایک راجہ کی کہانی سناتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی پر طنز کیا۔ انہوں نے دہلی کے 7ارکان پارلیمنٹ کو بی جے پی کا غلام بتایا۔ انہوں نے ان پر دہلی میں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا۔

 تقریر کی شروعات سے اروندکجریوال نے رام لیلا میدان میں موجود سبھی سے کہا کہ وہ فیس بک لائیو کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے وہ چاہتے ہیں کہ رام لیلا میدان سے ایک لاکھ ویورس بنیں۔ انہوں نے کہا کہ 12 سال بعد ہم رام لیلامیدان میں جمع ہوئے ہیں۔

 پچھلی مرتبہ ہم کرپشن سے لڑنے اکٹھا ہوئے تھے اس بار ہم ایک ظالم سے لڑنے‘جمہوریت اور دستور کو بچانے جمع ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر دہلی نے سینئر وکیل ابھیشک منوسنگھوی کا شکریہ ادا کیا جو سپریم کورٹ میں ان کا کیس لڑرہے ہیں۔

 کجریوال نے کہا کہ 11مئی کو سپریم کورٹ کی دستوری بینچ نے دہلی کے حق میں فیصلہ دیاتھا لیکن 19مارچ کو وزیراعظم نریندرمودی نے اسے مستردکردیا۔ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ عوام سب سے بالاترہیں۔ حکومت دہلی کو کام کرنے دیاجائے لیکن مودی‘ نے آرڈیننس لاکر سپریم کورٹ کے آرڈر کو مستردکردیا۔

وزیراعظم کے آرڈیننس کی رو سے کوئی جمہوریت نہیں ہوگی۔ مودی لیفٹننٹ گورنر کے ذریعہ حکومت دہلی کو چلاناچاہتے ہیں جبکہ امبیڈکر لکھ چکے ہیں کہ ملک دستور کے حساب سے چلے گا۔ کجریوال نے وزیراعظم نریندرمودی پر یہ بھی الزام عائدکیاکہ وہ انہیں کام کرنے نہیں دے رہے ہیں۔

وہ انہیں روزانہ گالیاں دیتے رہتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی قائد نے کہا کہ یہ ان کی پرورش ہے‘ میں کسی کے بھی خلاف غلط زبان استعمال نہیں کرتا۔ کجریوال نے کہاکہ اس بار مودی اور بی جے پی نے آپ کی یعنی دہلی کے عوام کی بے عزتی کی ہے۔

میں‘ جنتا کی بے عزتی برداشت نہیں کرسکتا۔ مودی نے آرڈیننس لاکردہلی کے عوام کو تھپڑمارا ہے‘ ہم مودی کو آرڈیننس واپس لینے پر مجبورکردیں گے۔ کجریوال نے کہا کہ میں کئی ریاستوں میں جاکر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مل چکا ہوں جنہوں نے مرکزی حکومت کے آرڈیننس کی مخالفت کرنے پر آمادگی ظاہرکی ہے۔

کجریوال نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے سارے ملک کو بربادکردیا۔ بیروزگاری بڑھتی جارہی ہے۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے‘ کرپشن بڑھ رہا ہے۔ جی ایس ٹی نے تاجروں کو تباہ کردیا۔ ریلوے کی حالت خراب ہے لیکن‘ بی جے پی کو پتہ نہیں کہ اسے کیسے سدھارنا ہے۔

چوتھی پاس راجہ کو معلوم نہیں کہ صورتحال سے کیسے نمٹنا ہے۔ وہ 2000 روپئے کے نوٹ جاری کرتا ہے اور پھر واپس لے لیتا ہے۔ وزیراعظم مودی 21 سال سے حکومت کررہے ہیں جبکہ میں گذشتہ 8 سال سے اقتدار میں ہوں۔ میں چیلینج کرتاہوں کہ میرے کام کا تقابل مودی کے کام سے کیاجائے۔

میں نے غریبوں کو مفت برقی دی‘ اس میں کیا برائی ہے؟۔ مودی جی‘ آپ نے ساری حکومت اپنے دوست کو دے دی۔ اروندکجریوال نے یہ بھی الزام عائدکیاکہ مودی نے گجرات کی ترقی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔ وہ ایک اسکول کے دورے پر بھی نہیں گئے۔

 صرف ایک عارضی اسکول فوٹوگرافی کیلئے بنایاگیاتھا۔ دہلی کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا اور سابق وزیرصحت ستیندرجین کو جیل میں ڈال کر مودی یہ سمجھتے ہیں کہ دہلی کی ترقی رک جائے گی لیکن عام آدمی پارٹی میں سینکڑوں سسوڈیا اور جین ہیں جو ترقی کیلئے پابندعہد ہیں۔

 آخر میں اروندکجریوال نے چوتھی پاس راجہ کی کہانی سنائی۔ پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹردہلی نے مرکزی آرڈیننس کے حوالہ سے مودی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دہلی کے بعد دیگر ریاستوں میں بھی ایسا ہی آرڈیننس لایاجائے گا۔ گرمی کی شدت برداشت کرتے ہوئے ہزاروں لوگوں نے رام لیلا میدان میں مہاریالی میں حصہ لیا۔

چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان کے علاوہ رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے بھی شرکت کی۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے یاددلایاکہ رام لیلا میدان نے 12 سال قبل ملک کی سیاست میں اہم رول ادا کیاتھا۔ 12 سال قبل کرپشن کے خلاف تحریک شروع ہوئی تھی جو کامیاب رہی۔

 اسی طرح جمہوریت اوردستور کو بچانے کی تحریک آج اسی اسٹیج سے شروع ہورہی ہے اور وہ بھی کامیابی سے ہمکنارہوگی۔ چیف منسٹرپنجاب بھگونت مان نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے اسے بھارتیہ جگاڑپارٹی قراردیا جو حکومت گرانے کا فن جانتی ہے۔

 رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے 2024ء کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی سے لڑنے اپوزیشن اتحاد پر زوردیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی والے ڈبل انجن حکومت کی بات کرتے ہیں لیکن اصل میں ان کی حکومت ڈبل بیارل(دونالی بندوق) ہے۔ جس کی ایک نالی سی بی آئی اور دوسری ای  ڈی ہے۔