’بابری تالا‘ وزیراعظم کا تبصرہ سراسر جھوٹ: پرینکا گاندھی
پرینکا نے یہ بھی کہا کہ وہ یہ چاہتی ہیں کہ وزیراعظم مودی‘ کانگریس کے انتخابی منشور پر تبصرہ کرنے سے پہلے اس کا مطالعہ کریں۔ وہ جو منہ میں آئے کہتے رہتے ہیں۔
رائے بریلی(یوپی): کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے جمعرات کے روز وزیراعظم نریندر مودی کے ان ریمارکس کو سراسر جھوٹ قراردیاکہ ان کی پارٹی برسراقتدار آنے پر ایودھیا میں رام مندر پر ”بابری تالا“ لگادے گی۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا۔
یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش میں ایک حالیہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو 400 نشستیں حاصل ہوں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کانگریس کشمیر میں دفعہ 370 واپس نہ لائے اور ایودھیا میں رام مندر پر بابری تالا نہ لگائے۔
پرینکا گاندھی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ”یہ ایک دم جھوٹ“ ہے۔ کانگریس نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ وہ عدالت کے فیصلہ کا احترام کرے گی۔ ہم نے ماضی میں بھی ایسا کیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا کرتے رہیں گے۔ مودی کے اڈانی۔ امبانی طنز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ان لوگوں کا نام لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ہر روز اپنی تقاریر میں اڈانی اور امبانی کا تذکرہ کرتے ہیں۔ مودی نے چہارشنبہ کے روز کانگریس پر اڈانی اور امبانی کے ساتھ گٹھ جوڑ کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ پارٹی کو ان دونوں تاجروں سے کالے دھن کے کئی ٹمپو بھر پیسے وصول ہوئے ہیں تاکہ راہول گاندھی انہیں گالیاں دینا بند کردیں۔
پرینکا نے یہ بھی کہا کہ وہ یہ چاہتی ہیں کہ وزیراعظم مودی‘ کانگریس کے انتخابی منشور پر تبصرہ کرنے سے پہلے اس کا مطالعہ کریں۔ وہ جو منہ میں آئے کہتے رہتے ہیں۔ ان کے مطابق جو باتیں منشور میں لکھی ہوئی ہیں وہ دراصل انتخابی منشور میں کہیں ہیں ہی نہیں۔