پرنسپل ہتھیار کے ساتھ اسکول میں داخل (ویڈیو وائرل)
ریاست اترپردیش کے ایک اسکول میں پرنسپل نے حفاظت کیلئے ہتھیار اٹھا لئے جس پر انہیں دیہاتیوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

علی گڑھ: ریاست اترپردیش کے ایک اسکول میں پرنسپل نے حفاظت کیلئے ہتھیار اٹھا لئے جس پر انہیں دیہاتیوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علی گڑھ کے ایک اسکول پرنسپل کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک گاؤں میں پرائمری اسکول کے پرنسپل کو اسکول میں شارٹ گن لے کر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پرنسپل کو شارٹ گن کے ساتھ اسکول کے احاطے میں دیکھ کر گاؤں والے غصہ ہو گئے اور ان پر اعتراض کر کے جھگڑنے لگے۔ گاؤں والوں کا کہنا تھا کہ پرنسپل کو آخر کس سے خطرہ ہے۔
پرنسپل دھرمیندر کمار شرما اپنا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کرتے رہے کہ انہوں نے اپنی حفاظت کیلئے ہتھیار اٹھایا ہے۔
گاؤں والوں نے الزام لگایا کہ شرما سے جب بندوق کا پوچھا گیا تو انہوں نے بدکلامی کی۔ اس واقعہ سے گاؤں کے مقامی لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ دی اور انہوں نے پرنسپل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
گاؤں کے سرپنچ نے پرنسپل شرما پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ بچوں کو پڑھانے پر توجہ دینے کی بجائے زیادہ وقت موبائل پر صرف کرتے ہیں۔ادھر حکام نے انٹرنیٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔