آندھراپردیش

چھوٹے تاجروں اور کاریگروں کیلئے395کروڑ جاری

آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چہارشنبہ کے روز”جگن انا تھوڈو“ اسکیم کے تحت395 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔

امراوتی: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چہارشنبہ کے روز”جگن انا تھوڈو“ اسکیم کے تحت395 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔

اس اسکیم کے تحت چھوٹے کاروباریوں اور فنکاروں کو بینک کے ذریعہ سود سے پاک فی کس10ہزار روپے قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ ان افراد کو بلا سودی قرض کی فراہمی کیلئے حکومت نے 395کروڑ جاری کئے ہیں۔ انہوں نے 13.28لاکھ استفادہ کنندگان کیلئے قرض ریمبرسمنٹ کے طور پر15.17 کروڑ روپے بھی جاری کئے ہیں۔

چیف منسٹر کیمپ آفس سے جگن نے بٹن دباکر ورچول طریقہ سے یہ رقم جاری کی ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ اس اسکیم کے استفادہ کنندگان کو اس رقم سے کافی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اے پی کیلئے فخر کی بات یہ ہے کہ آندھرا پردیش میں جملہ24.6لاکھ قرضوں کو منظوری دی گئی جبکہ ملک بھر میں 39.21 لاکھ قرض منظور کئے گئے ہیں۔ 15,31,347 جملہ استفادہ کنندگان ہیں جن میں 8,74,745 کاروباری افراد اور کاریگر شامل ہیں۔

چھوٹے کاروباری افراد باقاعدگی کے ساتھ قرض کی اقساط ادا کرتے ہیں اس سے سماج میں ایک مثبت تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے اہل افراد جنہیں اس اسکیم کے تحت بلا سودی قرض نہیں ملا ہے، وہ متعلقہ ولیج اور وارڈ سکریٹریٹس کے پاس درخواستیں داخل کرسکتے ہیں اور اہل افراد کو بعد سوشل اڈٹ،6ماہ میں اس اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔

آج28ہزار مزید نئے استفادہ کنندگان میں قرض کی رقم تقسیم کی گئی۔ حکومت نے اب تک قرض ری ایمبرسمنٹ کے طور پر 63.65کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔

اس اسکیم سے استفادہ کرنے والوں میں 90 فیصد تعداد ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی برادری ہے استفادہ کنندگان میں میوہ اور سبزی فروش، سڑکوں کے کنارے ٹفن سنٹرس چلانے والے، بڑی باسکٹوں میں رکھ کر اشیاء فروخت کرنے، موٹر سیکلوں پر پراڈکٹس فروخت کرنے والوں کے ساتھ براس ورک، کھلونے سازی، لیس میکرس اور دیگر شامل ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر (پنچایت راج و رورل ڈیولپمنٹ) بی ایم نائیڈو، وزیر بلدی نظم نسق ڈاکٹر اے سریش اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔