عوام کی حفاظت اور جانوروں کا تحفظ حکومت کی ترجیح: ٹی سرینواس یادو
ریاستی وزیر افزائش مویشیاں وسمکیات ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت، عوام کی حفاظت کے ساتھ ساتھ جانوروں کے تحفظ پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر افزائش مویشیاں وسمکیات ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت، عوام کی حفاظت کے ساتھ ساتھ جانوروں کے تحفظ پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ وہ آج شہر میں آوارہ کتوں اور بندروں کے حملوں کے بڑھتے واقعات اور ان کے تدارک کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
اس اجلاس میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، مئیر وجئے لکشمی گدوال، ڈپٹی مئیر ایم سری لتا ریڈی کے علاوہ جی ایچ ایم سی، وٹرنری اور محکمہ صحت عامہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ سرینواس یادو نے کہا کہ آوارہ کتوں کے مسئلہ سے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔
گذشتہ دنوں عنبر پیٹ میں کتوں کے حملہ میں ہلاک کمسن بچہ کی موت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ شہر میں ایک سو دنوں پر مشتمل خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کتوں کی نس بندی کی جائے گی۔ خاص طور پر سلم علاقوں اور کالونیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے علاقہ اور محلہ جات جہاں آوارہ کتوں کی تعداد زیادہ ہے، وہاں ایچ ایم ڈی اے کے تعاون سے کتوں کو پکڑکر انہیں خصوصی طور پر قائم سنٹرس منتقل کیا جائے گا۔ ضرورت کے مطابق مزیدسنٹرس بھی قائم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گوشت کے دکانداروں کی جانب سے چیچڑے اور ہڈیوں کو سڑکوں پر پھینکنے سے کتے آبادی میں منتقل ہورہے ہیں۔ شہر میں گوشت کی فروخت کی تمام دکانوں کے پاس خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کتوں اور بندروں کے مسئلہ سے واقف کرانے کیلئے جی ایچ ایم سی کے ٹول فری نمبر سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔ وزیر افزائش مویشیان نے کہا کہ مرے ہوئے جانوروں کو دفن کردیا جائے گا۔
اس اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق اروند کمار، چیف سکریٹری محکمہ انیمل ہسبنڈی آدھار سنہاء، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، اڈیشنل کمشنر ہیلتھ شروتی اوجھا، ڈائرکٹر انیمل ہسبنڈری رام چندر و دیگر نے شرکت کی۔