ہولناک سڑک حادثہ، دو افراد موت کے منہ سے بال بال بچ گئے (ویڈیو)
بنگلورو کے مصروف علاقے سرجاپورہ روڈ پر پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ ہوئی۔

کرناٹک: بنگلورو کے مصروف علاقے سرجاپورہ روڈ پر پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ ہوئی۔ حادثے میں ایک دو پہیہ گاڑی پر سوار دو افراد بس کے نیچے آنے سے بال بال بچ گئے، تاہم دونوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری سے ٹو وہیلر گاڑی چلا رہا نوجوان ایک کار کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ بے قابو ہو کر اس کی بائیک سڑک کنارے کھڑی ایک گاڑی سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں دونوں سوار سڑک پر گر پڑے اور عین اسی وقت ایک تیز رفتار بس وہاں سے گزر رہی تھی۔
خوش قسمتی سے دونوں افراد بس کے پچھلے پہیوں کے بالکل قریب گرنے کے باوجود مکمل طور پر کچلے جانے سے بچ گئے۔ حادثے کے فوراً بعد موقع پر موجود لوگوں نے زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
مقامی پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کر لی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری اور لاپرواہی اس حادثے کی بنیادی وجوہات ہیں۔