عوامی ضروریات کے مطابق نئی بسوں کی خریدی: وزیرٹ رانسپورٹ تلنگانہ
انہوں نے کہا کہ یہ بس اسٹینڈ فورتھ سٹی کو محبوب نگر، نلگنڈہ اور وقارآباد جیسے اضلاع سے جوڑنے کے مقصد سے تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں کے عوام کو بہتر پبلک ٹرانسپورٹ سہولیات میسر ہوں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ،حیدرآباد کے راجندر نگر کے آرام گھر علاقہ میں ایک نیا جدید طرز کا بس اسٹینڈ قائم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بس اسٹینڈ فورتھ سٹی کو محبوب نگر، نلگنڈہ اور وقارآباد جیسے اضلاع سے جوڑنے کے مقصد سے تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں کے عوام کو بہتر پبلک ٹرانسپورٹ سہولیات میسر ہوں۔
وزیر نے بتایا کہ ایم جی بی ایس اور جے بی ایس جیسے بڑے بس اسٹینڈز کے طرز پر یہ نیا بس اسٹینڈ تعمیر کرنے کے لیے تلنگانہ آر ٹی سی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اضلاع میں موجود بس اسٹینڈز کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ آر ٹی سی عوامی ضروریات کے مطابق نئی بسیں خریدنے کے عمل میں ہے، اور اس کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آر ٹی سی انتظامیہ نقصان سے باہر نکل کر اب منافع کی راہ پر گامزن ہے۔