مہاراشٹرا

امراوتی کیمسٹ قتل کیس: تمام ملزمین این آئی اے تحویل میں

پولیس کمشنر آرتی سنگھ نے یہ بات کہی۔ پولیس نے قتل کیس کی بے حد حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کے لیے قبل ازیں معلومات کا انکشاف نہیں کیا تھا۔

ممبئی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے امراوتی کے کیمسٹ اُمیش کولہے کے قتل کے ساتوں ملزمین کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ایک پولیس عہدیدار کے مطابق این آئی اے نے تمام ملزمین کو اپنی تحویل میں لے لیا جنہیں پیر کو چار دن کی ٹرانزٹ ریمانڈ عطا کی گئی تھی۔

قبل ازیں انہیں امراوتی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ ملزمین کو 8/ جولائی سے قبل این آئی اے کی ممبئی کی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ امراوتی پولیس نے تحقیقات کے دوران  بی جے پی کے سابق ترجمان نپور شرما کی حمایت کرنے والے سوشل میڈیا پوسٹس اور اُمیش کے قتل کے درمیان تعلقات پائے تھے اور کیس کو دبایا نہیں گیا جیسا کہ الزام عائد کیا جارہا ہے۔

 پولیس کمشنر آرتی سنگھ نے یہ بات کہی۔ پولیس نے قتل کیس کی بے حد حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کے لیے قبل ازیں معلومات کا انکشاف نہیں کیا تھا۔ جن سات ملزمین کو گرفتار کیا گیا ان میں مدثر احمد (22)، شاہ رخ خان (25)، عبدالتوفیق (24)، شعیب خان (22)، آفتاب راشد (22) اور یوسف خان (32) اور مبینہ ماسٹر مائنڈ شیخ عرفان شیخ رحیم شامل ہیں۔

 پولیس کو قتل کے سلسلے میں ایک اور مشتبہ شمیم احمد کی بھی تلاش ہے۔ واضح رہے کہ اُمیش کو تین افراد کے گروپ نے 21/ جن کو رات 10اور 10:30بجے کے درمیان چھراگھونپ دیا تھا۔ دواخانہ میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ اس نے سوشل میڈیا پر ٹی وی بحث کے دوران پیغمبر محمدؐ پر تبصرہ کرنے والی نپور شرما کی حمایت کے پوسٹ کی تائید کی تھی۔