مکہ مسجد میں مجلس کا جلسہ یوم القرآن منسوخ
تلنگانہ حکومت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ایم ایل سی الیکشن کے ضمن میں ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے پیش نظر آج احکام جاری کرتے ہوئے تاریخی مکہ مسجد میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے جلسہ یوم القرآن کو منسوخ کردیا۔

حیدرآبد: تلنگانہ حکومت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ایم ایل سی الیکشن کے ضمن میں ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے پیش نظر آج احکام جاری کرتے ہوئے تاریخی مکہ مسجد میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے جلسہ یوم القرآن کو منسوخ کردیا۔
جس کے نتیجہ میں آج مکہ مسجد میں جمعۃ الوداع کے بعد مجلس کا جلسہ یوم القرآن منعقد نہیں ہوسکا۔ جلسہ کی منسوخی کے احکام آج ڈسٹرکٹ مائنا ریٹی ویلفیر آفیسر سید قمر باشاہ نے اس وقت صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی کے حوالے کئے جبکہ نماز کے بعد جلسہ شروع ہونے والا تھا۔
صدر مجلس نے احکام کا جائزہ لینے کے بعد منبر مسجد سے اس جلسہ یوم القرآن کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ اور ساتھ انہوں نے اعلان کیا کہ جلسہ یوم القرآن جامع مسجد وزیر علی فتح دروازہ میں منعقد ہوگا۔
انہوں نے تمام شرکا کو ہدایت دی کہ جامع مسجد وزیر علی پہنچ جائیں اور جلسہ میں شرکت کریں۔ اس کے ساتھ مصلیان مسجد نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے بلند کرتے ہوئے ہوئے روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ حکومت نے مجلس کو رمضان کے چوتھے جمعہ کو جلسہ یوم القرآن منعقد کرنے کی اجازت دی تھی۔