حیدرآباد

راہول گاندھی نے چارمینار کے سامنے ترنگا لہرایا

راہول گاندھی جیسے ہی لاڈبازار سے چارمینار پہنچے انہوں نے رک کر چند منٹ چارمینار کو دیکھا اور آگے بڑھنے سے قبل اس کی خوبصورتی کو اپنے کیمرہ میں قید کیا۔

حیدرآباد: بھارت جوڑو یاترا کے ایک حصہ کے طورپر کانگریس قائد راہول گاندھی نے منگل کے دن چارمینار کے سامنے ترنگا لہرایا۔ یہ تاریخی عمارت حیدرآباد کی پہچان ہے۔ پارٹی لیڈرس اور سینکڑوں ورکرس و حامیوں کے ساتھ انہوں نے اپنے آنجہانی والد سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کو خراج عقیدت ادا کیا۔

تقریب کا اہتمام 19  اکتوبر 1990 کو راجیوگاندھی کے دورہ ئ چارمینار کی یاد میں کیا گیا۔ اُس وقت راجیوگاندھی حیدرآباد و سکندرآباد کے جڑواں شہروں میں امن و ہم آہنگی کے لئے سدبھاؤنا یاترا شروع کرنے چارمینار آئے تھے۔ کانگریس ہر سال سدبھاؤنا یاترا یادگاری دن مناتی ہے۔

امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کام کرنے والی شخصیتوں کو ایوارڈس دیئے جاتے ہیں۔ راہول گاندھی جیسے ہی لاڈبازار سے چارمینار پہنچے انہوں نے رک کر چند منٹ چارمینار کو دیکھا اور آگے بڑھنے سے قبل اس کی خوبصورتی کو اپنے کیمرہ میں قید کیا۔

سینکڑوں کانگریس ورکرس اپنے پارٹی قائد کا خیرمقدم کرنے چارمینار کے اطراف جمع تھے۔ وہ بھارت جوڑو‘ بھارت جوڑو اور راجیو گاندھی امر رہے کے نعرے لگارہے تھے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی‘ سینئر قائد وی ہنمنت راؤ‘ انجن کمار یادو اور دیگر قائدین موجود تھے۔

چارمینار کے پاس مختصر پروگرام کے بعد یاترا تاریخی پتھرگٹی مارکٹ سے گزری۔ سڑک کے دونوں طرف کھڑے لوگ راہول گاندھی کو دیکھ کر ہاتھ ہلارہے تھے۔ بھارت جوڑو یاترا اضلاع نارائن پیٹ‘ محبوب نگر اور رنگاریڈی سے گزرنے کے بعد آج صبح حیدرآباد میں داخل ہوئی تھی۔

یہ یاترا تلنگانہ میں اپنے سفر کے ساتویں دن ریاستی دارالحکومت میں داخل ہوئی۔ بنگلورو‘ حیدرآباد شاہراہ سے شہر میں داخل ہونے کے بعد یاترا نے بہادرپورہ میں توقف کیا جہاں راہول گاندھی نے کئی گروپس سے ملاقات کی جن میں خواتین‘ خواجہ سراؤں اور سیول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔ شام 4 بجے یاترا وہاں سے آگے بڑھی اور پرانا پل‘ حسینی‘ خلوت روڈ سے ہوکر چارمینار پہنچی۔ پولیس نے کڑے سیکوریٹی انتظامات کئے تھے۔