قومی

ضلع ادھم پور میں 4 دہشت گردوں کے ساتھ انکاؤنٹر جاری

پولیس نے جمعرات کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور میں محاصرہ کئے گئے علاقہ میں 4دہشت گرد پھنس گئے ہیں اور آج صبح میں یہاں بندوقوں کی لڑائی شروع ہوئی ہے۔

جموں (آئی اے این ایس) پولیس نے جمعرات کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور میں محاصرہ کئے گئے علاقہ میں 4دہشت گرد پھنس گئے ہیں اور آج صبح میں یہاں بندوقوں کی لڑائی شروع ہوئی ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس جموں زون بھیم سین ٹوٹی نے بتایا کہ باور کیا جاتا ہے کہ جاریہ انکاؤنٹر میں 4دہشت گرد پھنسے ہوئے ہیں۔ آئی جی پی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ صبح 8:30 بجے رابطہ ہوا تھا لیکن موسم ناسازگار تھا۔

موسم کے بہتر ہونے کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔ ہمارے تخمینہ کے مطابق 4 دہشت گردوں کا گروپ پھنسا ہوا ہے۔ فوج نے بتایا کہ مخصوص اطلاعات کے بعد بسنت گڑھ کے بھلائی علاقہ میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسس کے درمیان انکاؤنٹر شروع ہوا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع کے بسنت گڑھ علاقہ میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع دئے جانے کے بعد سیکورٹی فورسس نے آج صبح اس علاقہ میں ’محاصرہ کرو اور تلاشی لو‘ مہم شروع کی۔ سیکورٹی فورسس پر بھاری خودکاربندوقوں سے فائرنگ کی گئی جس کا جواب دیا گیا اور انکاؤنٹر شروع ہوگیا جو ہنوز جاری ہے۔

جائے واقعہ پر کمک روانہ کی گئی ہے۔ 22 اپریل کو پہلگام میں حملہ کے بعد سے جس میں وادیئ بیسرن میں لشکرطیبہ کے دہشت گردوں نے 26 عام شہریوں کو ہلاک کیا تھا، اس مرکزی زیرانتظام علاقہ میں سیکورٹی فورسس مکمل چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور ایس ایس بی کی اضافی کمپنیاں جموں و کشمیر کو دستیاب کرائی گئی ہیں تاکہ آنے والی امرناتھ یاترا کیلئے سیکورٹی فراہم کی جاسکے جس کا آغاز 3جولائی سے ہوگا اور 9اگست کو اختتام عمل میں آئے گا۔