راہول گاندھی، وزیر اعظم کی شبیہ بگاڑنے میں کامیاب نہیں ہوں گے: سمرتی ایرانی
بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی وزیر اعظم نریندر مودی کی شبیہ تار تار کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم وہ اس کوشش میں کامیاب نہیں ہوں گے، کیوں کہ ملک کی عوام وزیر اعظم کے ساتھ ہے۔

نئی دہلی: راہول گاندھی کے خلاف بی جے پی کی جانب سے تازہ تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ دیگر پسماندہ طبقات پر غیرمہذب ریمارک کے لیے کانگریس لیڈر کی جانب سے معذرت خواہی کرنے سے انکار گاندھی خاندان کی سیاسی ہٹ دھرمی کی ایک اور مثال ہے۔
بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی وزیر اعظم نریندر مودی کی شبیہ تار تار کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم وہ اس کوشش میں کامیاب نہیں ہوں گے، کیوں کہ ملک کی عوام وزیر اعظم کے ساتھ ہے۔
ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے پرزور انداز میں یہ خیال ظاہر کیا۔ سرکاری بنگلہ خالی کرنے جاری کردہ نوٹس پر کانگریس کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالوں پر انھوں نے کہا کہ بنگلہ ان کی ذات ملکیت نہیں ہے، بلکہ عوام کا ہے۔
گزشتہ ہفتہ مودی کنیت کے ریمارک پر ایک فوجداری مقدمہ میں سزا صادر ہونے کے بعد راہول گاندھی کو لوک سبھا رکنیت سے نااہل قرار دینے پر انہیں بنگلہ کا 22 اپریل تک تخلیہ کرنے نوٹس جاری کی گئی ہے۔
مرکزی وزیر برائے بہبودِ خواتین و اطفال نے کہا کہ راہول گاندھی نے سال 2019ء میں ایک میگزین کو دیئے گئے انٹرویو میں ادّعا پیش کیا تھا کہ مودی کی سب سے بڑی طاقت ان کی شبیہ ہے اور وہ اس شبیہ کو تار تار کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی سیاسی نفسیات پوری طرح سے ظاہر ہوگئی ہے۔ انھوں نے پارلیمنٹ میں مودی پر الزامات عائد کیے اور غیرمہذب الفاظ استعمال کیے، لیکن انھوں نے خود ان باتوں کی توثیق نہیں کی۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ راہول گاندھی کی سیاسی مایوسی اس قدر ہے کہ وہ اپنے ہی وعدوں کو پورا نہیں کرسکے اور مودی کے خلاف تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اپنی سیاسی مایوسی میں کانگریس لیڈر، وزیر اعظم کے خلاف زہر پھیلا رہے ہیں، جو ملک کی توہین میں بدل رہا ہے۔
سمرتی ایرانی نے یہ الزام عائد کیا۔ اس کی ایک مثال راہول گاندھی کا دورہئ لندن ہے۔ ایرانی نے مزید الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی کو ہندوستان کی جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں اور نہ انہیں عدالتوں کا احترام ہے۔ ان کا واحد نشانہ مودی ہیں، جب کہ مودی کا واحد نشانہ ملک کی ترقی ہے۔
کانگریس لیڈر کے برطانیہ میں کیے گئے اظہارِ خیال جس میں جمہوریت خطرہ میں ہے، ریمارک بھی شامل ہے، پر بی جے پی کی جانب سے تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ سمرتی ایرانی نے کہا کہ راہول گاندھی میگزین کے ایڈیٹر سے کیا گیا آپ کا وعدہ کہ مودی کی شبیہ کو تار تار کریں گے، وعدہ ہی رہے گا، جو کبھی پورا نہ ہوگا، کیوں کہ نریندر مودی کی سب سے بڑی طاقت ہندوستان کی عوام ہے۔
سورت کی عدالت میں اہانتی کیس میں دی گئی سزا کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی نے کہا کہ راہول گاندھی ملک کے دیگر پسماندہ طبقات فرقہ سے معذرت خواہی کرنے سے انکار کیا، جو گاندھی خاندان کی سیاسی ہٹ دھرمی کی ایک اور مثال ہے۔
گاندھی کو عدالت نے صرف اس لیے سزا صادر نہیں کی کہ انھوں نے صرف ایک فرد کی توہین کی، بلکہ ایک پسماندہ فرقہ کی اہانت کی تھی۔ ایرانی نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جس میں کانگریس لیڈر اور ان کے خاندان نے ملک کے پسماندہ طبقات اور قبائلی فرقوں کی توہین کی تھی۔
انھوں نے کہا کہ ملک نے دیکھا ہے راہول گاندھی کی سیاسی ہٹ دھرمی اس وقت ظاہر ہوئی تھی جب کانگریس کے ایک دلت لیڈر کو ان کے جوتے اٹھانے پڑے تھے، تاہم انھوں نے دلت لیڈر کا نام ظاہر نہیں کیا۔ سمرتی ایرانی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے امیتھی میں غریب عوام کی اراضیات پر ناجائز قبضہ کیا تھا۔
وہ اس کی عادی ہوگئی ہے اور کہا کہ ہندوستان کے دارالحکومت میں بھی وہ ٹیکس دہندوں کے مکانات پر قبضہ کرے گی۔ امریکی محکمہئ خارجہ کی نائب ترجمان ویدانت پٹیل کے بیان کہ امریکہ راہول گاندھی کے کیس پر نظر رکھا ہوا ہے کے سوال پر ایرانی نے توقع ظاہر کی کہ ملک کی وزارتِ خارجہ اس کا موزوں جواب دے گی۔