تلنگانہ کے کاماریڈی میں بارش کی تباہی
کاماریڈی کی کئی کالونیاں پانی میں گھِر گئیں جبکہ بڑے پیمانہ پر کھیت زیرِ آب آ گئے۔ حالات کے پیش نظر ضلع کلکٹروں نے کاماریڈی اور نظام آباد میں اسکولوں اور کالجوں کو تعطیل کا اعلان کیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع کے ساتھ ساتھ متحدہ نظام آباد ضلع کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش نے عام زندگی مفلوج کر دی۔
کاماریڈی کی کئی کالونیاں پانی میں گھِر گئیں جبکہ بڑے پیمانہ پر کھیت زیرِ آب آ گئے۔ حالات کے پیش نظر ضلع کلکٹروں نے کاماریڈی اور نظام آباد میں اسکولوں اور کالجوں کو تعطیل کا اعلان کیا۔
شدید بارش کے باعث کاماریڈی کے کیاسم پلی کے مقام پر نیشنل ہائی وے 44 کو شدید نقصان پہنچا جس سے شمال-جنوب راہداری متاثر ہوئی۔ ٹریفک معطل ہونے سے گاڑیاں دونوں اطراف پھنس گئیں اور حکام نے آمدورفت بحال کرنے کے لیے عارضی مرمت کا کام شروع کیا۔
دوسری جانب، ناگی رڈی منڈل میں پوچارم پروجیکٹ میں بدھ کو 1.50 لاکھ کیوسیکس پانی کا بہاؤ داخل ہونے پر تشویش پیدا ہوئی۔ اگرچہ اب پانی کے بہاو میں کچھ کم ہوئی ہے، تاہم حکام ہائی الرٹ پر ہیں۔ مٹی کے کٹاؤ کے باعث پروجیکٹ کے قریب ایک بڑا گڑھا بھی بن گیا ہے جس پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔