تلنگانہ

رکن اسمبلی راجگوپال ریڈی کیساتھ کانگریس قائدین کی بات چیت ناکام

راجگوپال ریڈی کو منانے کیلئے کانگریس کے اہم قائدین نے رکن اسمبلی سے بات چیت کی مگر یہ بات چیت ناکام ہوگئی۔

حیدرآباد: کانگریس قائدین کی رکن اسمبلی منگوڈ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے ساتھ بات چیت ناکام ہوگئی۔

راجگوپال ریڈی کو منانے کیلئے کانگریس کے اہم قائدین نے رکن اسمبلی سے بات چیت کی مگر یہ بات چیت ناکام ہوگئی۔

کانگریس ایم پی اتم کمار ریڈی اور کانگریس پارٹی کے سکریٹری ومشی گوڑ نے پارٹی نمائندوں کی حیثیت سے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی سے ملاقات کی اور ان سے خواہش کی کہ وہ دہلی جائیں جہاں وہ راہول گاندھی سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

جیسا کہ راہول گاندھی کے مطابق پارٹی کا کوئی بھی قائد، ان سے ملاقات کرسکتا ہے تاہم راجگوپال ریڈی نے پارٹی کے ان دونمائندں کی تجویز کو مسترد کردیا جس کے سبب پارٹی مندوبین مایوسی کے عالم میں واپس لوٹے۔

قبل ازیں رکن اسمبلی منگوڑ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کی کسی بھی وقت بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات کے درمیان سابق پردیش کانگریس کے صدر این اتم کمار ریڈی نے آج راجگوپال ریڈی سے ملاقات کی اور ا نہیں پارٹی نہ چھوڑنے کی ترغیب دی مگر اتم کمار ریڈی کی یہ مساعی ناکام دکھائی دینے لگی۔

کل ہند کانگریس پارٹی نے این اتم کمارریڈی کو راجگوپال ریڈی کو منانے اور ان کی برہمی کو دور کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ پارٹی اجلاس میں راجگوپال ریڈی معاملہ پر غور وخوض کیاگیا تاہم پارٹی ہائی کمانڈ قطعی فیصلہ کرے گی۔

صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے نے یہ دعویٰ کیا کہ کانگریس کے سینئر قائد ورکن اسمبلی منگوڈ راجگوپال ریڈی بہت جلد بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں۔