حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے اضلاع میں بارش، عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ
موسی پیٹ میٹرو اسٹیشن کے نیچے بارش کا پانی داخل ہوگیاجس کے نتیجہ میں ایراگڈہ سے کوکٹ پلی وائی جنکشن کی طرف آنے والی گاڑیوں کی آمد ورفت میں مشکلات ہوئیں۔موسی پیٹ میٹرو اسٹیشن سے گاڑیاں کئی کلومیٹر دور تک پھنسی رہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سمیت ریاست کے اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ شہر کے کوکٹ پلی، حیدر نگر، نظام پیٹ، پرگتی نگر، کے پی ایچ بی کالونی، آلون کالونی، خیریت آباد، امیرپیٹ، سوماجی گوڑہ، بیگم پیٹ، سکندرآباد، اڈہ گٹہ، ماریڈپلی، پٹنی، پیراڈائز، چلکل گوڑہ، بوئن پلی، ترملگری، الوال، ہستنا پور، ایل بی نگر، ونستھلی پورم، حیات نگر، پداعنبرپیٹ اور عبداللہ پورمیٹ، راجندر نگر، عطاپور، کاٹے دھن، نارسنگی، الوال، کشائی گوڑہ اور اپل میں بارش ہو رہی ہے۔
بارش کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اور بیشتر کالونیاں زیرآب آگئی ہیں۔بارش کے بعد شدید ٹریفک جام کی صورتحال بھی پیدا ہوگئی ہے۔
موسی پیٹ میٹرو اسٹیشن کے نیچے بارش کا پانی داخل ہوگیاجس کے نتیجہ میں ایراگڈہ سے کوکٹ پلی وائی جنکشن کی طرف آنے والی گاڑیوں کی آمد ورفت میں مشکلات ہوئیں۔موسی پیٹ میٹرو اسٹیشن سے گاڑیاں کئی کلومیٹر دور تک پھنسی رہیں۔
رات سے ہورہی بارش کے باعث کئی علاقوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔حیدرآباد کے نواحی علاقہ کے ساتھ ساتھ میڑچل ملکاجگری، رنگاریڈی اضلاع کے بیشتر مقامات پر درج بارش کی تفصیل اس طرح ہے۔
سیری لنگم پلی 12سنٹی میٹر،میاں پور،14.7سنٹی میٹر،حیدرنگر 10.01،ماریڈ پلی 5.0،الوال 5.05سنٹی میٹر،کوکٹ پلی میں 14.3 سنٹی میٹر،شیورام پلی میں 13 سنٹی میٹر،گاجولا رامامم میں 12.5 سنٹی میٹر،بورابنڈا میں 12.5 سنٹی میٹر، شاہ پور، موسی پیٹ، جوبلی ہلز میں 12 سنٹی میٹر،قطب اللہ پور میں 11.5 سنٹی میٹر،مادھاپور میں 11.4 سنٹی میٹر،سکندرآباد،راجندر نگر میں 11.2 سنٹی میٹر،بیگم پیٹ، الوال میں 10 سنٹی میٹر،مشیرآباد میں 9.9 سنٹی میٹر،گوشہ محل میں 9.5 سنٹی میٹر،فلک نما میں 9.2سنٹی میٹر،کاروان میں 8.8 سنٹی میٹر،سرو رنگر میں 7.9 سنٹی میٹر،ایل بی نگر، عنبرپیٹ میں 6.6 سنٹی میٹر،ملکاجگری اور مولاعلی میں 4.7 سنٹی میٹربارش درج کی گئی ہے۔
کمشنر گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)رونالڈ راس نے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کسی بھی پریشانی کی صورت میں 100نمبریا 040-21111111پر ڈائل کرنے پر بھی زوردیا۔
منچریال ضلع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے بارش کا شدید پانی ضلع کے ایلم پلی ریزروائر میں آرہا ہے۔ اس پراجکٹ کی مکمل گنجائش 20.175 ٹی ایم سی کے برخلاف آبی سطح 18.4527 ٹی ایم سی تک پہنچ گئی ہے۔
اس وقت ریزروائر میں 1,81,025 کیوسک پانی کا بہاو درج کیاگیا جس کے بعد اس کے 20دروازے کھولتے ہوئے 2,04,192 کیوسک نچلے علاقوں میں چھوڑاگیا۔ضلع سدی پیٹ میں اوسطاً 59.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش نارائن راوپیٹ منڈل میں 1.3 سنٹی میٹر اور سب سے کم بارش بیجانکی منڈل میں 37.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارش کی وجہ سے سدی پیٹ ضلع میں کئی تالاب، ڈیم اور چیک ڈیم لبریز ہوگئے ہیں۔راجناسرسلہ ضلع میں 80.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ضلع کے رودرنگی میں 77.9 ملی میٹر، چندورتھی میں 66.6ملی میٹر،ویمل واڑہ میں 60.5 ملی میٹر،بوئن پلی میں 70.2ملی میٹر، سرسلہ میں 71.1، کوناراوپیٹ میں 79.6، ویرپاپلی میں 10.52، ایلاریڈی پیٹ میں 87.6، گمبھی راوپیٹ میں 62.8، مست آباد میں 81.4، تنگلا پلی میں 91.7 ملی میٹر بارش ہوئی۔