تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش۔کسانوں میں خوشی کی لہر
رنگا ریڈی ضلع میں ہوئی موسلادھار بارش کے سبب چیوڑلہ میں واقع ایس سی طلبہ کے ہاسٹل میں پانی گھٹنوں تک جمع ہوگیا۔ پورا ہاسٹل احاطہ پانی سے بھر گیا جس کے نتیجہ میں طلبہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے کئی اضلاع میں گزشتہ روز موسلا دھار بارشیں ہوئی جس سے کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بارش سے وہ فصلیں جنہیں بارش کی کمی کے باعث سوکھنے کا خطرہ لاحق تھا، اب نئی جان پا گئی ہیں۔
رنگا ریڈی ضلع میں ہوئی موسلادھار بارش کے سبب چیوڑلہ میں واقع ایس سی طلبہ کے ہاسٹل میں پانی گھٹنوں تک جمع ہوگیا۔ پورا ہاسٹل احاطہ پانی سے بھر گیا جس کے نتیجہ میں طلبہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
طلبہ نے شکایت کی کہ سڑک کی سطح اونچی ہونے کی وجہ سے باہر کا بارش کا پانی ہاسٹل میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھٹنوں تک پانی جمع ہونے کی وجہ سے انہیں ہاسٹل آنے اور جانے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔
طلبہ نے الزام لگایا کہ انہوں نے اس سنگین مسئلہ کے سلسلہ میں کئی بار متعلقہ حکام کو شکایات کیں لیکن کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اب تو کم از کم حکام فوری توجہ دیں اور مناسب اقدامات کریں تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
اسی دوران حیدرآباد کے محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں آئندہ پانچ دنوں تک مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس ضمن میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ بارش کے ایّام میں ہر ممکن احتیاطی اقدامات کیے جائیں اور عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لیے چوکس رہیں۔