تلنگانہ میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش، مختلف مقامات پر13 افراد ہلاک
تلنگانہ میں ہفتہ کی شب تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش سے مربوط علحدہ واقعات میں جملہ13 افراد ہلاک ہوگئے۔ طوفانی بارش سے ریاست کے کئی علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوگئی۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں ہفتہ کی شب تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش سے مربوط علحدہ واقعات میں جملہ13 افراد ہلاک ہوگئے۔ طوفانی بارش سے ریاست کے کئی علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوگئی۔
شہر حیدرآباد کے بشمول ریاست کے کئی اضلاع میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے زبردست تباہی مچادی۔ خلیج بنگال میں طوفان کے زیراثر بارش نے13افراد کی جانیں لے لی۔ کئی درخت گرپڑے۔
برقی پولس اورکمیونیلیشن ٹاورس کونقصان پہونچا۔ جس کے سبب کئی مقامات پربرقی سربراہی مسدود ہوگئی۔ صرف ضلع ناگرکرنول میں 7افراد ہلاک ہوگئے جبکہ شہر حیدرآبادکے مختلف مقامات پر4 افراد ہلاک ہوگئے اسی طرح ضلع میدک میں 2 افراد کی موت ہوگئی۔
ہواکے تیزجھکڑوں نے ناگرکرنول، میدک، رنگاریڈی، میڑچل،ملکاجگیری اورنلگنڈہ اضلاع میں تباہی مچادی۔ ضلع ناگرکرنول کے تانڈور گاؤں میں زیرتعمیر پولٹری شیڈ اچانک گر پڑا جس کے نتیجہ میں 4افراد ہلاک ہوگئے جن میں باپ، بیٹی اور2تعمیری مزدور شامل ہیں جبکہ اس واقعہ میں دیگرزخمی4 افراد بھی شامل ہیں۔
اسی ضلع میں مزید3 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 2 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جبکہ ان پر بجلی گر پڑی۔ حیدرآباد کے نواحی علاقہ شاہ میرپیٹ میں 2 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جبکہ ایک بڑا درخت ان پر گر پڑای۔یہ دونوں ایک بائک پرسوار تھے۔
جن کی شناخت44 سالہ دھنجئے اور56 سالہ ناگی ریڈی رامی ریڈی کی حیثیت سے کی گئی۔ حیدرآباد کے حفیظ پیٹ میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ان کی شناخت45 سالہ محمد رشید اور3 سالہ محمد صمد کے طورپر کی گئی۔ تیز ہواکے سبب پڑوسی کے مکان کی چھت سے اینٹیں ان دونوں پر گر پڑیں جس کے سبب یہ دونوں جاں بحق ہوگئے۔