مہاراشٹرا

راج ٹھاکرے، بی جے پی۔ شنڈے شیوسینا سے دور رہیں۔ اُدھو ٹھاکرے سے اتحاد میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا: سامنا

شیوسینا یو بی ٹی نے پیر کے دن کہا کہ راج ٹھاکرے نے اگر بی جے پی اور ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا سے دوری برقرار رکھی تو اُدھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

ممبئ (پی ٹی آئی) شیوسینا یو بی ٹی نے پیر کے دن کہا کہ راج ٹھاکرے نے اگر بی جے پی اور ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا سے دوری برقرار رکھی تو اُدھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

شیوسینا یو بی ٹی ترجمان سامنا کے اداریہ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ اُدھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے درمیان صلح صفائی کے امکان نے مہاراشٹرا کے مخالفین کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔

رشتہ کے بھائیوں اُدھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے یہ اشارہ دیتے ہوئے کہ وہ معمولی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے ہاتھ ملاسکتے ہیں‘ قیاس آرائیوں کو راہ دی۔ تقریباً 20 برس بعد یہ دونوں متحد ہوں گے۔ راج ٹھاکرے نے کہا ہے کہ مراٹھا عوام کے مفاد میں متحد ہونا مشکل نہیں۔

سابق چیف منسٹر اُدھوٹھاکرے نے کہاکہ وہ معمولی اختلافات کو پرے رکھنے کے لئے تیارہیں بشرطیکہ ایسے لوگوں کو منہ نہ لگایا جائے جو مہاراشٹرا کے مفادات کے خلاف کام کرتے ہیں۔ راج ٹھاکرے مراٹھی مانو کی بات کرتے رہتے ہیں اور بال ٹھاکرے کی شیوسینا بھی اسی کاز کی چمپئن تھی۔

بی جے پی اور شنڈے سینا کو دوررکھا جائے تو کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔مراٹھا اتحاد کو کمزور کرنا بی جے پی کا حربہ ہے۔ اداریہ میں کہا گیا کہ بی جے پی کا ہندوتوا جھوٹا اور کھوکھلا ہے۔ راج ٹھاکرے اس جال میں پھنس گئے اور ڈوبنے لگے۔