راجہ سنگھ کی وارننگ، ’سب کے راز فاش کر دوں گا‘
پارٹی کی جانب سے راجہ سنگھ کو نوٹس جاری کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس پر پیر کے روز انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں نوٹس بھیجنے کے بجائے سیدھا پارٹی سے معطل کر دینا چاہیے۔
حیدرآباد: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی راجا سنگھ نے ایک سنسنی خیز بیان دے کر سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر پارٹی قیادت انہیں معطل کرتی ہے تو وہ پارٹی کے اندرونی معاملات اور تمام لیڈران کے "راز” عوام کے سامنے لے آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق، پارٹی کی جانب سے راجہ سنگھ کو نوٹس جاری کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس پر پیر کے روز انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں نوٹس بھیجنے کے بجائے سیدھا پارٹی سے معطل کر دینا چاہیے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ "اگر مجھے پارٹی سے معطل کیا جاتا ہے تو میں چپ نہیں رہوں گا، کس کی وجہ سے پارٹی کو نقصان پہنچا، کس نے اندر ہی اندر سازشیں کیں – سب کچھ عوام کے سامنے رکھوں گا۔”
راجہ سنگھ کے اس بیان نے یہ واضح کر دیا ہے کہ بی جے پی کی اندرونی سیاست میں شدید تناؤ پایا جا رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتے اور سچ بولنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ راجہ سنگھ نے پارٹی قیادت کے خلاف اس طرح کے بیانات دئے ہوں۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی بار متنازعہ بیانات دے چکے ہیں، جن کی وجہ سے پارٹی کو وضاحتیں دینی پڑی تھیں۔