مہاراشٹرا

ممبئی: کانگریس صدارتی امیدوار پر شدید اختلافات، پریہ دت کی تھرور سے ملاقات کے بعد چہ میگوئیاں شروع

دراصل عام طور پر ملکارجن کھر گے کو درپردہ گاندھی فیملی کا امیدوار بتایا جارہا ہے، حالانکہ کھرگے کے حریف امیدوار ششی تھرور نے ممبئی دورہ پر کہا کہ گاندھی خاندان کا انہیں اور ان کے مخالف ملکارجن کھرگے کو بلاامتیاز آشیرواد مل رہا ہے۔

ممبئی: مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی (ایم پی سی سی) میں کل ہند کانگریس کمیٹی کے صدارتی امیدوارپر شدید اختلافات کھل کر سامنے آئے ہیں اور اس میں اُس وقت شدت پیدا ہوگئی جب سابق ایم پی اور سنیل دت کی صاحبزادی پریہ دت نے دوسرے امیدوار ششی تھرورسے ملاقات کی اور یہیں سے چہ میگوئیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے کہ پریہ دت گاندھی خاندان سے دور ہوگئی ہیں۔

دراصل عام طور پر ملکارجن کھر گے کو درپردہ گاندھی فیملی کا امیدوار بتایا جارہا ہے، حالانکہ کھرگے کے حریف امیدوار ششی تھرور نے ممبئی دورہ پر کہا کہ گاندھی خاندان کا انہیں اور ان کے مخالف ملکارجن کھرگے کو بلاامتیاز آشیرواد مل رہا ہے۔

ششی تھرور نے دعوی کیاکہ ان میں سے کسی کے ساتھ کوئی تعصب نہیں ہے۔ ممبئی میں مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر میں پارٹی کے عہد یداروں سے ملاقات کے بعد انہوں نے گفتگو کرتے ہوۓش شی تھرور نے کہاکہ ان کا مقصد 2024 کے انتخابات سے پہلے کانگریس کو مضبوط بنانا ہے۔

واضح رہے کہ اعلیٰ عہدیداروں جیسے مہاراشٹر کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے اورایم پی سی سی صدر بھائی جگتاپ نے اُن سے ملاقات نہیں کی لیکن پریہ دت کی ملاقات سے قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ ان کے اور گاندھی خاندان کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔

ششی تھرور کا کہنا ہے کہ گاندھی خاندان انہیں اور کھر گے جی کو بلا امتیاز آشیرواد دے رہا ہے کیونکہ ہم پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے ان قیاس آرائیوں کومسترد کر دیا کہ کھرگے کے ساتھ جاری انتخابی جنگ ایک سرکاری امیدوار اور غیر سرکاری امیدوار کے درمیان ہے، جیسا کہ بعض لیڈروں نے دعوی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان کے ساتھ میری بات چیت نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کی طرف سے اُن کے یا کھرگے کے بارے میں کوئی تعصب نہیں ہے۔

تھرور نے کہا کہ بی جے پی کو اپوزیشن کا حصہ بننے کی تیاری شروع کردینی چاہئے کیونکہ انہیں 2024 کے انتخابات کے بعد وہاں بیٹھنا پڑے گا۔

تھرور نے ایم پی سی سی صدر پٹولے اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی غیر موجودگی کے بارے میں پوچھنے پر کہا، "میری پٹولے جی کے ساتھ بات ہوئی اور انہوں نے مجھے اپنی سابقہ وابستگی کے بارے میں بتایا ہے۔ میں بالکل بھی شکایت نہیں کر رہا ہوں۔

آل انڈیا پروفیشنل کانگریس کے اراکین نے تلک بھون میں تھرور کا استقبال کیا۔ سابق لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ پر یہ دت اور راجیہ سبھا کے سابق ممبر پارلیمنٹ بھال چندر منیگیکر بھی موجود تھے۔ تھرور نے ریاستی کانگریس ہیڈ کوارٹر تلک بھون پہنچنے سے پہلے بی آر امبیڈکر کی سمادھی اور شیواجی پارک میں چھتر پتی شیواجی مہاراج کی یادگار کے ساتھ ساتھ سدھی ونائک مندر کابھی دورہ کیا۔

مسٹر تھرور نے دن کے آخر میں ٹویٹر پر پردیش کانگریس کے 9,000 سے زیادہ مندوبین کے لئے ایک ویڈیو اپیل بھی جاری کی۔ انہیں یقین ہے کہ جمہوری الیکشن عوام کو پارٹی کی طرف راغب کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے منشور میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے متعدد آئیڈیاز پیش کئے ہیں اور اس میں کارکنوں کو با اختیار بنانا تا کہ وہ فیصلہ سازی کے تمام سطحوں تک رسائی حاصل کرسکیں۔