کھیل

ممبئی انڈینز کو دو وکٹوں سے شکست دے کر آر سی بی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست

ھونیشور کمار (چار وکٹیں اور ناٹ آؤٹ سات رنز) اور کرنال پانڈیا (73 رنز) کی شاندار کارکردگی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے 54ویں میچ میں آخری گیند پر ممبئی انڈینز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

رائے پور: بھونیشور کمار (چار وکٹیں اور ناٹ آؤٹ سات رنز) اور کرنال پانڈیا (73 رنز) کی شاندار کارکردگی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے 54ویں میچ میں آخری گیند پر ممبئی انڈینز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس فتح کے ساتھ آر سی بی پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست پہنچ گئی، جبکہ ممبئی انڈینز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔


آخری اوور میں آر سی بی کو جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے۔ روماریو شیفرڈ 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد بھونیشور کمار نے ایک شاندار چھکا لگا کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔ آخری گیند پر دو رنز درکار تھے اور رسخ سلام نے مڈ آن کی جانب شاٹ کھیل کر دو رنز مکمل کیے اور آر سی بی کو یادگار فتح دلا دی۔


آئی پی ایل کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب آر سی بی نے لیگ مرحلے میں ممبئی انڈینز کو دونوں میچوں میں شکست دی ہو۔
167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آر سی بی کی شروعات اچھی نہ رہی اور اس نے 39 رنز تک اپنے تین اہم وکٹیں گنوا دیں۔

پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر دیپک چاہر نے وراٹ کوہلی کو صفر پر بولڈ کر کے ممبئی کو پہلی کامیابی دلائی۔

تیسرے اوور میں چاہر نے دیودت پڈیکل (12) کو بھی آؤٹ کر دیا۔ کپتان رجت پاٹیدار (8) کو کوربن بوش نے پویلین بھیجا۔


اس کے بعد کرنال پانڈیا اور جیکب بیتھل نے چوتھی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔ کوربن بوش نے 13ویں اوور میں بیتھل (26) کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑی۔ بوش نے 16ویں اوور میں جتیش شرما (18) اور ٹم ڈیوڈ (صفر) کو بھی آؤٹ کیا۔


18ویں اوور میں ایم غضنفر نے کرنال پانڈیا کو آؤٹ کر کے آر سی بی کو مشکل میں ڈال دیا۔ کرنال نے 46 گیندوں پر چار چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔


آخری اوور میں راج باوا نے روماریو شیفرڈ (6) کو آؤٹ کیا، لیکن آر سی بی نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا کر دو وکٹوں سے سنسنی خیز فتح حاصل کر لی۔ بھونیشور کمار سات رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ رسخ سلام تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔


ممبئی انڈینز کی جانب سے کوربن بوش نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ دیپک چاہر نے دو جبکہ راج باوا اور ایم غضنفر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


اس سے قبل آر سی بی نے ٹاس جیت کر ممبئی انڈینز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ممبئی کی ٹیم کو بھونیشور کمار کی شاندار بولنگ کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے تین ٹاپ بلے باز صرف 28 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ریان رکلٹن (2)، روہت شرما (22) اور کپتان سوریہ کمار یادو (صفر) نمایاں وکٹیں تھیں۔


اس کے بعد نمن دھیر اور تلک ورما نے اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 82 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ 13ویں اوور میں رسخ سلام نے نصف سنچری کے قریب پہنچے نمن دھیر کو بولڈ کر کے یہ شراکت ختم کی۔ نمن نے 32 گیندوں پر پانچ چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔


16ویں اوور میں روماریو شیفرڈ نے ول جیکس (10) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد 18ویں اوور میں بھونیشور کمار نے تلک ورما کو پویلین بھیج دیا۔ تلک نے 42 گیندوں پر تین چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔


19ویں اوور میں ہیزل ووڈ نے راج باوا (15) کو آؤٹ کیا۔ ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔ کوربن بوش (5) اور دیپک چاہر (1) ناٹ آؤٹ رہے۔


آر سی بی کی جانب سے بھونیشور کمار نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رسخ سلام، روماریو شیفرڈ اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔