ایشیا کپ میں اہم کردار کے لیے تیار، ارشدیپ محمد سراج سے متاثر
ہندوستانی تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ، جو ستمبر کی 9 تاریخ سے دبئی میں شروع ہونے والے ایشیا کپ میں ٹیم انڈیا کا حصہ ہوں گے، نے اعتراف کیا ہے کہ وہ حیدرآباد کے تیز گیند باز محمد سراج سے بے حد متاثر ہیں اور ان سے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔
حیدرآباد: ہندوستانی تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ، جو ستمبر کی 9 تاریخ سے دبئی میں شروع ہونے والے ایشیا کپ میں ٹیم انڈیا کا حصہ ہوں گے، نے اعتراف کیا ہے کہ وہ حیدرآباد کے تیز گیند باز محمد سراج سے بے حد متاثر ہیں اور ان سے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔
ارشدیپ نے کہا کہ سراج کی ٹپس نے ان کے کھیل اور ذہنی تیاری دونوں پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
بائیں ہاتھ کے گیندباز ارشدیپ نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے حالیہ دورہ نے انہیں بہت کچھ سکھایا، لیکن سب سے اہم سبق محمد سراج کی نصیحت سے ملا۔
انہوں نے کہا: "ریڈ بال کرکٹ میں بعض اوقات کھیل بورنگ لگنے لگتا ہے، جیسے دوپہر کے بعد جب گیند کچھ نہیں کرتی۔ میں نے سراج بھائی سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ جب کچھ نہیں ہو رہا، اس وقت کو کیسے انجوائے کرتے ہیں، یہی آپ کی کامیابی کا راز ہوگا۔ یہ ٹپ مجھے بہت پسند آئی۔”
محمد سراج، جنہیں پیار سے "میاں میجک” اور "ڈی ایس پی سراج” بھی کہا جاتا ہے، نوجوان بالرس کے لیے تحریک کا ذریعہ بنے ہیں۔ ارشدیپ نے میڈیا سے کہا کہ وہ سراج سے مسلسل سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میچ کھیلنے کا موقع نہ ملے تو وہ زیادہ اوورز بولنگ، فٹنس اور طاقت بڑھانے والی ٹریننگ پر کام کرتے ہیں تاکہ جب بھی موقع ملے وہ پوری طرح تیار ہوں۔
محمد سراج اورارشدیپ ان دنوں بنگالورو کی بی سی سی آئی کی سنٹرآف ایسکسلنس اکیڈیمی میں اپنی فٹنس پرتوجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
سابق کرکٹروی وی ایس لکشمن اس اکیڈیمی کے سربراہ ہیں۔دونوں فٹنس کے معاملہ میں کافی مشق کررہے ہیں اور اس میں مزید بہتری کے لئے کام کررہے ہیں۔
اس اکیڈیمی میں دیگرکھلاڑی بھی اپنی فٹنس کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں روہت شرما بھی شامل ہیں۔اس تربیت اورفٹنس پر مکمل توجہ کے بعد ایشیا کپ کے لئے منتخب کھلاڑی یواے ای کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔
کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ ایشیا کپ میں ارشدیپ کا اہم رول ہوگا اور محمد سراج سے ملنے والی رہنمائی انہیں دباؤ کے لمحات میں زیادہ مضبوط اور مؤثر بنائے گی۔