ریونت ریڈی ایک جنونی اور بدمزاج شخص: ایٹالہ راجندر
ملکاجگیری کے بی جے پی ایم پی ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کانگریس نے عوامی پیسہ لوٹنے کے لئے موسیٰ ندی کی صفائی کے پروجیکٹ کو استعمال کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

حیدرآباد(منصف نیوز بیورو) ملکاجگیری کے بی جے پی ایم پی ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کانگریس نے عوامی پیسہ لوٹنے کے لئے موسیٰ ندی کی صفائی کے پروجیکٹ کو استعمال کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت سمجھتی ہے کہ مشن بھگیرتا اور کالیشورم پروجیکٹس ختم ہوچکے ہیں اور اس نے پیسہ لوٹنے کے لئے موسیٰ ندی کی صفائی کے پروجیکٹ کو سامنے لیا ہے۔
راجندر نے کہا کانگریس حکومت کہہ رہی ہے کہ وہ 1.50 لاکھ کروڑ روپے سے موسیٰ ندی کو صاف کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس کا سرکاری خزانے کو لوٹنے کا بڑا منصوبہ ہے۔
آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ایم ایل اے اور ایم پی کے طور پر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور انہیں وزیر کی حیثیت سے کوئی تجربہ نہیں ہے۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ چیف منسٹر ٹینکوں اور جھیلوں کے بارے میں بھی کوئی سمجھ نہیں رکھتے۔
راجندر نے کہا کہ لوگوں نے ریونت ریڈی کو یہ سوچ کر ووٹ دیا کہ وہ اچھا کام کریں گے لیکن انہیں یہ امید نہیں تھی کہ وہ لوگوں کو رُلا دیں گے۔ ریونت ریڈی عوام کی پریشانیوں اور آنسوؤں پر ہنس رہے ہیں۔
وہ ایک جنونی اور بدمزاج شخص بن گئے ہیں۔ ان کی ذہنیت انہیں لوگوں سے محبت کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ راجندر نے کہا کہ میں اس مسئلہ پر بحث کے لئے تیار ہوں کیونکہ لوگ درد کا سامنا کر رہے ہیں اور اب سوچ رہے ہیں کہ انہوں نے ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کیوں بنایا ہے۔