حیدرآباد

ریونت ریڈی، آر ایس ایس کی زبان میں بات کررہے ہیں: اسد اویسی

اویسی نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس کے صدر، آر ایس ایس قائد ین کی طرح بات کررہے ہیں جو ہمیشہ سے یہ کہتے ہیں کہ اسلام اور مسلمان، باہر سے ہندوستان میں آئے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اے ریونت ریڈی کے اُس تبصرہ پر جس میں انہوں (ریڈی) نے یہ کہا تھا کہ اویسی خاندان مہاراشٹرا سے آیا ہے، سخت ردعمل کااظہار کرتے ہوئے صدر مجلس اتحاد المسلمین ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسدالدین اویسی نے کہا کہ ریونت ریڈی، آر ایس ایس کی زبان میں بات کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں
اسدالدین اویسی کا کووڈ وبا کے تباہ کن اثرات کی طرف اشارہ
ویڈیو: تلنگانہ بھون میں کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں میں تصام
حیدرآباد: معہد برکات العلوم میں طرحی منقبتی مشاعرہ اور حضرت ابو البرکاتؒ کے ارشادات کا آڈیو ٹیپ جاری
کانگریس ورکرس، کاسٹ سروے کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں: صدر ٹی پی سی سی
مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن میں حصہ نہ لینے بی آر ایس کا فیصلہ

 اویسی نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس کے صدر، آر ایس ایس قائد ین کی طرح بات کررہے ہیں جو ہمیشہ سے یہ کہتے ہیں کہ اسلام اور مسلمان، باہر سے ہندوستان میں آئے ہیں۔

پرانے شہر میں جمعرات کی رات ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ”ہم مہاراشٹرا سے نہیں آئے ہیں، ہم آدم کی اولاد ہیں، پورا ملک ہمارا ہے۔

اویسی نے پوچھا کہ آپ کہاں سے آئیے ہیں؟“ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ ریونت ریڈی کے ان تبصروں سے ان پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، اسد الدین اویسی نے کہا کہ کانگریس قائد نے مسلمانوں کے تئیں اپنی نفرت کا اظہار کیا ہے۔ صدر مجلس نے کہا کہ نوجوانی کے ایام میں اے بی وی پی سے وابستہ رہ چکے ریونت ریڈی بعد میں آر ایس ایس اور بی جے پی میں چلے گئے۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ آر ایس ایس کی ہدایت پر وہ تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 1999 میں ریونت ریڈی نے کشن ریڈی کے ساتھ حلقہ اسمبلی کاروان میں مجلس کے خلاف کام کیا تھا۔

 انہوں نے ریونت ریڈی جیسے قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے پر کانگریس قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جو آر ایس ایس کی زبان میں بات کرتے ہیں دریں اثنا اسد اویسی کے بھائی و اسمبلی میں مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے آر ایس ایس سے روابط کیلئے ریونت ریڈی کو ہدف ملامت بنایا۔

انہوں نے کانگریس قائدکو چیالنج کیا کہ وہ بھاگیہ لکشمی مندر میں قسم کھائیں کہ ان کا آر ایس ایس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اکبر اویسی نے بھی راہول گاندھی سے پوچھا کہ آپ کی والدہ کہاں پیدا ہوئیں۔

”آپ مجھ سے کہہ رہے ہیں کہ میں مہاراشٹرا سے آیا ہوں میں آپ سے یہ پوچھتا ہوں کہ یہ بتائیں کہ آپ کہاں سے آئے ہیں؟ مجلس کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دینے سے متعلق راہول گاندھی کے الزامات پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے اکبر اویسی نے راہول سے پوچھ کہ آپ کی پارٹی نے آر ایس ایس کے آدمی کو تلنگانہ کانگریس کا صدر کیوں بنایا ہے؟۔