حیدرآباد

میری جان کوخطرہ:راجہ سنگھ

بی جے پی کے متنازعہ رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے اپنی جان کوخطرہ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل انٹلیجنس کے نام مکتوب تحریر کیا ہے۔

حیدرآباد: بی جے پی کے متنازعہ رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے اپنی جان کوخطرہ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل انٹلیجنس کے نام مکتوب تحریر کیا ہے۔

اپنے مکتوب میں راجہ سنگھ نے انہیں موجودہ طورپرحاصل بلٹ پروف کار کو تبدیل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے عہدیداروں سے جاننا چاہاکہ آیا ان کی کار کے تبدیلی کے لئے چیف منسٹرکی رضامندی کا انتظار کررہے ہیں؟یاپھر فرائض کی ادائیگی میں غفلت کی وجہ سے ایسا ہورہاہے؟

انہوں نے کہاکہ انہیں غیرسماجی عناصر کے حملہ کا خدشہ ہے اوروہ اپنی جان کوخطرہ محسوس کررہے ہیں۔ چونکہ وہ عوامی نمائندے ہیں اور اپنے حلقہ کا مسلسل دورہ کرنا ہوتا ہے‘ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں شریک رہنا ہوتا ہے‘انہیں نئی بلٹ پروف گاڑی (کار) فراہم کرناضروری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ پیر کو راجہ سنگھ کی موجودہ بلٹ پروف کار میں خرابی پر راجہ سنگھ نے برہمی کااظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ انٹلیجنس اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ ان کی جان کوخطرہ ہے اس کے باوجودانہیں خستہ حال کار فراہم کی گئی ہے۔

رکن اسمبلی گوشہ محل نے کہاکہ محکمہ سنٹرل انٹلیجنس کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات پر کہ ان کی زندگی کوخطرہ لاحق ہے‘ریاستی حکومت کی جانب سے بلٹ پروف کار فراہم کی گئی۔

چارماہ قبل یہ گاڑی بیچ سڑک پر خراب ہوگئی تھی جس کے بعدانہوں نے اس کار کو ریاستی حکومت کو واپس کردیاتھا۔ راجہ سنگھ نے کہاکہ اب حکومت نے اُس خراب کار کی مرمت کے بعد دوبارہ انہیں فراہم کیاہے جو ان کے ساتھ ایک بھونڈامذاق ہے۔