روہت ٹی ٹوئنٹی میں زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف ناگپور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف ناگپور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
روہت شرما نے جیسے ہی اس میچ میں کینگرو ٹیم کے خلاف دوسری اننگز کے پہلے اوور کی تیسری گیند پر چھکا مارا وہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے۔
روہت شرما نے جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر چھکا لگاکر یہ کارنامہ انجام دیا اور نیوزی لینڈ کے بلے باز مارٹن گپٹل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ کیوی بلے باز مارٹن گپٹل کے نام تھا لیکن روہت شرما اب یہ ریکارڈ توڑکر پہلے نمبر پر آگئے۔
مارٹن گپٹل اب تک 121 میچوں میں 172 چھکے لگاچکے ہیں جبکہ روہت شرما اب تک 138 میچوں میں 176 چھکے لگا چکے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف اس میچ میں آسٹریلیا نے 8 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے تھے۔
جواب میں ٹیم انڈیا نے 7.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے اور میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔
روہت شرما نے عمدہ اننگز کھیلی اور 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 230.00 رہا۔ اس میچ میں دنیش کارتک نے دو گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلائی۔ ویراٹ کوہلی اس میچ میں کچھ خاص نہیں کرسکے اور 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔