شمالی بھارت

گجرات: عام آدمی پارٹی کے امیدوارِ چیف منسٹر ایسودان گڑھوی کون ہیں؟

ایسودان گڑھوی (40سالہ) جنہوں نے پارٹی کی طرف سے کرائے گئے ایک سروے میں 73 فیصد ووٹ حاصل کئے، سابق میڈیا پروفیشنل ہیں۔ وہ وی ٹی وی گجراتی کے ایک مشہور نیوز شو ’’مہامنتھن‘‘ کے اینکر تھے۔

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے آج اعلان کیا کہ اس کے قومی جوائنٹ جنرل سکریٹری ایسودان گڑھوی گجرات میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے امیدوار ہوں گے۔

پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ عوام کی طرف سے پارٹی کو پیش کی گئی آراء کی بنیاد پر انہیں منتخب کیا گیا ہے۔

ایسودان گڑھوی (40سالہ) جنہوں نے پارٹی کی طرف سے کرائے گئے ایک سروے میں 73 فیصد ووٹ حاصل کئے، سابق میڈیا پروفیشنل ہیں۔ وہ وی ٹی وی گجراتی کے ایک مشہور نیوز شو ’’مہامنتھن‘‘ کے اینکر تھے۔

ایسودان گڑھوی نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز دور درشن کے ایک مشہور شو ’’یوجنا‘‘ سے کیا تھا۔ انہوں نے ای ٹی وی گجراتی کے لئے 2007 سے 2011 تک پوربندر میں آن فیلڈ رپوریٹر کے طور پر کام کیا۔

انہیں اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے اپنے نیوز شو میں گجرات کے ڈانگ اور کپراڈا تعلقہ میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی پر 150 کروڑ کے گھوٹالہ کا پردہ فاش کیا۔ ان کے پردہ فاش پروگرام نے اس وقت کی گجرات حکومت کو کارروائی کرنے پر مجبور کردیا تھا۔

وہ دوارکا ضلع کے پپلیہ گاؤں کے کسان خاندان سے ہیں۔ ان کا تعلق دیگر پسماندہ ذاتوں سے ہے جو ریاست کی آبادی کا 48 فیصد ہیں۔

انہوں نے 2015 میں گجراتی میڈیا میں سب سے کم عمر چینل ہیڈ کے طور پر وی ٹی وی گجراتی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کا شو دیہی گجرات میں خاص طور پر کسانوں میں بہت مقبول تھا۔

ایسودان گڑھوی نے جون 2021 میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اروند کیجریوال جب پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر کا افتتاح کرنے احمد آباد گئے تھے، تو اس وقت انہوں نے عاپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ نے ایسودان گڑھوی کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت کو ان کے بہترین مستقبل اور کیریئر کو گجرات کے لئے قربان کرنے سے تعبیر کیا اور کہا تھا کہ ایسودان گڑھوی نے حکمران بی جے پی اور اس سے پہلے کانگریس کی جانب سے گجرات میں پھیلائی گئی گندگی کو صاف کرنے کے لئے اپنا روشن مستقبل اور کیریئر قربان کردیا ہے۔

a3w
a3w